[]
حیدرآباد: جیڈی میٹلہ پولیس نے شہر حیدرآباد میں ایک ہفتہ قبل بہار کے ایک شہری کو مبینہ طور پر قتل کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا جو ایودھیا میں رہتا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار شخص 32 سالہ شیوا اتر پردیش کے ایودھیا کا رہنے والا ہے تاہم اصل میں وہ تلنگانہ کے میڑچل کا ہی متوطن ہے۔ وہ 28 فروری کو چنتل کراس روڈ گیا جہاں اس کی ملاقات بہار کے متوطن جیڈی میٹلہ میں رہنے والے رمیش راؤ سے ہوئی۔
شیوا اور رمیش نے ایچ ایم ٹی کمپنی کے قریب ایک سنسان جگہ پر شراب نوشی کی۔ اس کے بعد شیوا نے رمیش سے اس کے ساتھ جنسی تعلق قائم کرنے کو کہا جس سے اس نے انکار کر دیا۔ جیڈی میٹلہ پولیس انسپکٹر پی سرینواس راؤ نے یہ بات بتائی۔
انہوں نے بتایا کہ جب رمیش نے جنسی تعلق قائم کرنے سے انکار کردیا تو دونوں میں جھگڑا ہوگیا اور غصے میں آکر شیوا نے رمیش کو مارا پیٹا اور اسے لات ماری جس سے اس کی موت ہوگئی۔ میش کو قتل کرنے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔
لاش ملنے پر پولیس نے تفتیش شروع کی اور شیوا کا سراغ لگایا جس نے پوچھ گچھ میں رمیش کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔ اسے گرفتار کر کے ریمانڈ پر لیا جارہا ہے تاکہ مزید پوچھ گچھ کی جاسکے۔