[]
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی اژہ ای نے آج صبح تہران کے پولنگ اسٹیشن میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ووٹنگ کے عمل میں لوگوں کی پرجوش اور زیادہ سے زیادہ شرکت کے ذریعے صالح اور اہل افراد کا انتخاب ملک کے مختلف سیاسی اور اجتماعی شعبوں میں مطلوبہ اثرات کا حامل ہوگا۔
ایرانی چیف جسٹس نے کہا کہ بلاشبہ آج کے انتخابات میں عوام کی پرجوش اور زیادہ سے زیادہ شرکت ملک کے وقار اور اسلامی جمہوریہ ایران کے دوستوں کی خوشیوں میں اضافے جب کہ دشمنوں کے لیے مایوسی کا باعث ہوگی۔
انہوں نے انتخابات کے دوران خلاف ورزیوں اور جرائم کی روک تھام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ نے انتخابات کے دوران جرائم اور خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لئے اعلی سطحی قانونی عہدیداروں کی خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے۔ نیز، متعلقہ عدالتی حکام، پراسیکیوٹرز اور ڈیوٹی پر موجود ججز انتخابی خلاف ورزیوں یا جرائم کے بارے میں رپورٹ موصول ہوتے ہی جلد از جلد مناسب اقدامات کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔