[]
مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایرانی پارلیمانی انتخابات کے موقع پر پہلی مرتبہ ووٹ کاسٹ کرنے والے نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کی کے وفد نے رہبر معظم انقلاب آیت اللہ العظمی خامنہ ای سے ملاقات کی۔
تہران میں حسینیہ امام خمینی میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران شہداء کے خاندان والے بھی موجود ہیں۔
وفد سے خطاب میں رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ مضبوط اور پرجوش انتخابات ملک کو درست مدیریت کے ارکان میں سے ایک ہیں۔
آیت اللہ خامنہ ای نے فرمایا کہ اگر ہم دنیا کو یہ دکھا سکیں کہ ہماری قوم ملک کے فیصلہ کن اور تقدیر ساز مواقع پر میدان میں موجود رہتی ہے تو گویا ہم ملک کو بچانے اور ترقی کی راہ پر ڈالنے میں کامیاب ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر کچھ لوگ انتخابات پر توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ میں کسی پر الزام نہیں لگا رہا لیکن میں سب کی توجہ اس نکتے کی طرف مبذول کرنا چاہتا ہوں کہ ہمیں انتخابات کو گروہی نظر کے بجائے قومی مفادات کی نظر سے دیکھنا چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اگر انتخابات کمزور ہوئے تو سب کو نقصان ہوگا۔ جو بھی ایران، قوم اور اس کی سلامتی سے محبت کرتا ہے اسے معلوم ہونا چاہئے کہ اگر انتخابات کمزور ہوئے (ٹرون اوٹ مایوس کن حد تک کم رہا) تو کسی کو فائدہ نہیں ہوگا بلکہ سب کو نقصان اٹھانا پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعض لوگ کسی بھی وجہ سے انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے۔ ہمیں ان سے کوئی گلہ نہیں ہے۔ لیکن جو لوگ انتخابات میں حصہ لینے سے ہچکچاہٹ کا اظہار کرتے ہیں اور دوسروں کو حصہ نہ لینے کی ترغیب دیتے ہیں، انہیں مزید سوچنے کی ضرورت ہے۔ ووٹ نہ ڈالنے سے کوئی کامیابی نہیں ملتی اور نہ ہی ملکی مسائل حل ہوتے ہیں۔
رہبرانقلاب اسلامی نے اپنے خطاب میں امریکی فضائيہ کے ایک افسر کی خود سوزی کے واقعے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اس امریکی فوجی افسر کی خود سوزی، غزہ کے بارے میں مغرب کی پالیسیوں کی رسوائی کا سبب ہے- آپ نے فرمایا کہ امریکا کی انسانیت سوز پالیسیوں کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ امریکی فضائيہ کا افسر خود کو آگ لگا لیتا ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی اتنے بڑے پیمانے پر ہے کہ مغربی اور امریکی ماحول میں تربیت پانے والا ایک فوجی افسر بھی برداشت نہیں کرسکا اور ثابت ہوگیا کہ مغربی تہذیب کس قدر ظالم اور منحرف اور فاسد ہے۔ آپ نے فرمایا کہ امید ہے کہ خداوند متعال اسلام و مسلمین، فلسطین اور خاص طور پر غزہ کی نصرت و مدد کرے گا۔
یاد رہے کہ ایران میں اگلے جمعہ کو پارلیمنٹ اور مجلس خبرگان کے انتخابات ہورہے ہیں۔ قومی اسمبلی کی 290 نشستوں پر مختلف پارٹیوں کے امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔