ہندوستان: ٹرین ڈرائیور کے بغیر کیسے چلتی رہی؟ تفتیش کا حکم

[]

حکام کا کہنا ہے کہ جب ٹرین کا ڈرائیور اور اس کا اسسٹنٹ نیچے اتر آئے، تو یہ ریل کی پٹریوں پر ایک ڈھلوان سے نیچے جانے لگی اور پھر اس نے رفتار پکڑ لی۔

بھارت: ٹرین ڈرائیور کے بغیر کیسے چلتی رہی؟ تفتیش کا حکم
بھارت: ٹرین ڈرائیور کے بغیر کیسے چلتی رہی؟ تفتیش کا حکم
user

Dw

بھارتی محکمہ ریلوے نے بغیر ڈرائیور کے ایک مال بردار ٹرین کے 70 کلومیٹر سے بھی زیادہ سفر کرنے کے واقعے کی تفتیش کا حکم دے دیا ہے۔ بہر حال پٹری پر لکڑی کی رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹرین کو روکنے میں کامیابی مل گئی۔بھارت میں اتوار کے روز لوگ اس وقت حیرت زدہ رہے گئے جب بغیر ڈرائیور کے ایک مال بردار ٹرین کو جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ سے ریاست پنجاب کے ضلع ہوشیار پور کی جانب دوڑتے ہوئے دیکھا۔ اس دوران یہ ٹرین تیز رفتاری کے ساتھ کئی اسٹیشنوں سے گزرتی رہی۔

محکمہ ریل کا کہنا ہے کہ ٹرین کو قابو میں کر لیا گیا اور اس کی وجہ سے کسی کو نقصان نہیں پہنچا۔ حکام نے بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کو بتایا کہ یہ واقعہ اتوار کے روز مقامی وقت کے مطابق صبح تقریبا ًساڑھے سات بجے اور نو بجے کے درمیان پیش آیا۔ یہ مال بردار ٹرین 53 ڈبوں پر مشتمل تھی، جس پر پتھرلدے ہوئے تھے اور یہ جموں سے پنجاب کی طرف جا رہی تھی۔ ٹرین میں عملے کی تبدیلی کے لیے یہ کٹھوعہ میں رکی۔

بغیر ڈرائیور کے ٹرین چلنے کے بارے میں معلوم ہونے کے بعد اہلکاروں نے فوری طور پر اس کے راستے میں موجود ریلوے کراسنگ کو بند کرنے کا حکم دیا۔ محکمہ ریل کے حکام کا کہنا تھا، ”ریل کو اس وقت روکا جا سکا، جب ایک ریلوے اہلکار نے پٹری پر لکڑی کی رکاوٹیں کھڑی کر دیں۔” ان کے مطابق لکڑی کے بلاکس نے ٹرین کی رفتار کو کم کرنے میں مدد کی۔

عہدیداروں نے بتایا کہ ٹرین کے کٹھوعہ میں رکنے کے بعد بھی کیسے چل پڑی، اس کی صحیح وجہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچا جا سکے۔ ریلوے کے ڈویژنل ٹریفک منیجر پرتیک سریواستو کا کہنا تھا، ”واقعے کی اصل وجہ جاننے کے لیے انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ ابتدائی طور پر، ایسا لگتا ہے کہ ٹرین ڈرائیور اور اس کے اسسٹنٹ کے بغیر پنجاب کی طرف ڈھلوان کی طرف چلنے لگی۔” حکام کا کہنا ہے کہ جب ٹرین کا ڈرائیور اور اس کا اسسٹنٹ نیچے اتر آئے، تو یہ ریل کی پٹریوں پر ایک ڈھلوان سے نیچے جانے لگی اور پھر اس نے رفتار پکڑ لی۔ اطلاعات کے مطابق ڈرائیور نے پوری طرح سے بریک نہیں لگایا تھا۔ یہ ٹرین تقریباً 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھی اور روکنے سے پہلے تقریباً پانچ اسٹیشن عبور کرنے میں کامیاب ہو گئی۔

خیال رہے کہ سن 2014میں راجستھان کے دوسہ ضلعے میں بھی اسی طرح کا ایک واقعہ پیش آیا تھا۔ تاہم بغیر ڈرائیور کے اس ٹرین کو صرف چار کلومیٹر کے بعد روکنے میں کامیابی مل گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


;



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *