امریکہ: اسرائیلی سفارت خانے کے باہر فری فلسطین کا نعرہ لگاتے ہوئے امریکی ایرفورس کے ایک رکن نے خود کو آگ لگا لی

[]

واشنگٹن: امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں اسرائیلی سفارت خانے کے باہر ایک شخص نے خود کو آگ لگالی جسے فوری ہسپتال پہنچا دیا گیا تاہم اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ اقدام خود سوزی سے قبل اس نے مبینہ طور پر فری فلسطین کا نعرہ لگایا تھا۔

امریکی میڈیا اور گارجین کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 25 فروری کو مقامی وقت کے مطابق رات ایک بجے پیش آیا، مذکورہ شخص اسرائیلی سفارت خانے کے سامنے ایک منٹ تک جھلستا رہا تاہم حکام فوری طور پر آگ بجھانے کے لیے آگے بڑھے۔

مقامی پولیس نے سماجی پلیٹ ایکس پر مؤقف اختیار کیا کہ ’کچھ افسران کو امریکی خفیہ سروس کی مدد کے لیے بھیجا گیا تھا جب ایک شخص نے سفارت خانے کے سامنے خود کو آگ لگا دی جسے قریبی ہسپتال پہنچا دیا گیا جس کی حالت تشویشناک ہے۔‘

امریکی میڈیا نے امریکی فضائیہ کے ترجمان کا حوالہ دیتےہوئے بتایا کہ مذکورہ شخص امریکی ایئر مین تھا۔ واقعے سے متعلق واشنگٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر تحقیقات کر رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اس شخص کا نام آرون بشنل بتایا جاتا ہے جو امریکی فضائیہ میں ملازم ہے۔ اس نے فری فلسطین کا نعرہ لگاتے ہوئے خودسوزی کی کوشش کی۔ اس سے پہلے آرون نے کہا کہ میں فلسطین میں جاری نسل کشی کا حصہ بننا نہیں چاہتا۔

رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یونیفارم میں ملبوس ایک شخص ’آزاد فلسطین‘ کے نعرے لگاتے ہوئے خود کو امریکی فضائیہ کے افسر کے طور پر شناخت ظاہر کررہا ہے۔

امریکی فضائیہ کے ایک ترجمان نے مذکورہ شخص کو اپنی ٹیم کا حصہ ماننے یا شناخت کرنے سے انکار کردیا ہے۔

اسرائیلی سفارتخانے نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس کا کوئی عملہ زخمی نہیں ہوا، ایک بیان میں اسرائیلی وزارت خارجہ نے کہا کہ مذکورہ شخص ان کے سفارت خانے کے عملے کا حصہ نہیں ہے۔

امریکہ میں موجود اسرائیلی سفارت خانہ فلسطینی حامی مظاہرین کے مظاہروں کا مرکز بنا ہوا ہے جہاں لوگ غزہ میں اسرائیلی فوجی جنگ کے خلاف فوری جنگ بندی کا مطالبہ کررہے ہیں۔

7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی بمباری میں کم از کم 29 ہزار 692 فلسطینی شہید اور 69 ہزار 879 زخمی ہو چکے ہیں۔ 7 اکتوبر کے حملوں سے اسرائیل میں مرنے والوں کی نظر ثانی شدہ تعداد 1,139 ہے۔



ہمیں فالو کریں


Google News



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *