[]
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صوبہ اصفہان میں سیکورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کاروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو پکڑلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی عدلیہ کے سربراہ اسداللہ جعفری نے کہا ہے کہ انقلاب اسلامی کی سالگرہ کی مناسبت سے ہونے والی تقریبات میں تخریب کاری کے کئی منصوبے پکڑے گئے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملک کے مختلف حصوں سے 8 دہشت گرد گروہوں کو گرفتار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار دہشت گردوں کے پاس سے بڑی مقدار میں گولہ بارود اور مختلف اقسام کے ہتھیار برآمد کئے ہیں۔
صوبائی چیف جسٹس نے مزید کہا کہ صوبے میں منشیات کے خلاف کاروائیاں بھی جاری ہیں۔
سیکورٹی فورسز نے منشیات کے اڈوں پر بھی چھاپے کے دوران 21 سمگلروں کو گرفتار کیا ہے۔