[]
حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ اینٹی نارکو ٹکس بیورو (ٹی ایس این اے بی) نے ”فلم گانجہ شنکر“ کے پروڈیوسرس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فلم کا ٹائٹل تبدیل کرنے کی ہدایت دی ہے اور کہا کہ اس ٹائٹل سے فلم ناظرین بالخصوص طلبہ ونوجوانوں پر منفی اثر پڑے گا۔
ہفتہ کے روز سوشل میڈیا پلاٹ فام ایکس پر ایک پوسٹ میں ٹی ایس این اے بی نے کہا گیا کہ ڈائرکٹر بیورو نے فلم کے ہدایت کار اور فلم سازوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ”گانجہ شنکر“ فلم کے ٹائٹل، متن اور اس فلم میں گانجہ کے کاروبار میں ملوث عناصر کی ستائش کرنے پر شدید اعتراض کیا
اور فلم یونٹ سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ گانجہ کی فروخت، استعمال کرنے والوں کی ستائش سے گریز کریں۔ آپ کی فلم میں مرکزی کردار کو گانجہ کے کاروبار میں ملوث کرنے اور اس کی ستائش کرنے کے ساتھ فلم کے ٹائٹل ”گانجہ شنکر“ سے ناظرین بالخصوص طلبہ ونوجوانوں پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
ٹی ایس این اے بی ڈائرکٹر سندیپ شنڈالیہ نے یہ بات کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ آپ، اپنی فلم (گانجہ شنکر) میں گانجہ، نشہ آور چیزوں کی خرید وفروخت، کھپت (استعمال) سپلائی کی ستائش
اور انہیں بہادری کے کام کے طور پر دکھانے سے گریز کریں اور اپنی فلم میں ایسے مناظر کی عکاسی کرنے سے بھی گریز کریں جن سے منشیات / گانجہ کی فروخت، اس کے استعمال اور سپلائی کی ستائش ہوتی ہے۔
فلم بنانے والوں سے اس فلم کا ٹائٹل تبدیل کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا اور ٹائٹل سے لفظ گانجہ حذف کرنے پر زور دیا گیا۔ گانجہ، نشہ آور اور سائیکو چیزوں سے متعلق قابل اعتراض مناظر دکھانے پر این ڈی پی ایس ایکٹ بابتہ1985 کے تحت سخت کا رروائی کا انتباہ دیا۔