[]
نئی دہلی: چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے واضح کیا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق الیکشن کمیشن آخری تاریخ سے پہلے پہلے الکٹورل بانڈس کے عطیہ دہندگان اور وصول کنندگان کی تمام تفصیلات شائع کرے گا۔ راجیو کمار نے اڈیشہ کے بھوبنیشور میں آنے والے لوک سبھا اور ریاستی انتخابات کیلئے انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
یہاں یہ ذکے بے جانہ ہوگا کہ سپریم کورٹ نے اسٹیٹ بینک آف انڈیا کو حال ہی میں ہدایت دی تھی کہ وہ فوری طورپر الکٹورل بانڈس کو روک دے اور ہدایت دی تھی کہ وہ چھ مارچ تک سیاسی پارٹیوں کو عطیہ دینے والے تمام افراد کی فہرست انتخابی کمیشن کو پیش کرے۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو یہ ہدایت بھی دی تھی کہ وہ جاریہ سال 13 مارچ تک الکٹورل بانڈس کے عطیہ دہندگان اور وصول کنندگان کی تمام تفصیلات شائع کرے۔
انھوں نے ووٹنگ کس طرح سے ہوگی اس مسئلہ پر کہا کہ اگلے انتخابات میں ووٹنگ کیلئے الکٹرانک ووٹنگ مشینوں یا بیلٹ پیپرس کا استعمال کیا جائے گا اس سلسلے میں سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق کام کیا جائے گا کیونکہ سپریم کورٹ ایسی کئی درخواستوں کی سماعت کر رہا ہے جس میں بیلٹ پیپرس کے ذریعہ ووٹنگ کروانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔