انکلوژر میں کود پڑا شخص ببر کے حملہ میں ہلاک، شیر گردن کو دبوج لیا، خوفناک مناظر

[]

تروپتی (اے پی): تروپتی کے سری وینکٹیشورا زو پارک میں جمعرات کے روز ببرشیر کے انکلوژر (باڑے) میں چھلانگ لگانے کے بعدایک شخص کو شیر نے ہلاک کردیا۔مہلوک کی شناخت‘راجستھان کے ضلع الوار کے بنسور کے رہنے والے 34سالہ پرہلادگجر کی حیثیت سے کی گئی۔

زو کے عہدیداروں کے مطابق گجرنے باڑے کے اطراف موجود بفرزون میں چھلانگ لگادی جہاں ایک ببر اور دوشیرنی موجودتھے۔

سیکوریٹی اہلکاروں نے جب خطرہ کی گھنٹی بجائی اور اس کا پیچھاکیا تو وہ شخص‘ایک واٹر ٹینک میں کودپڑا اور انکلوژر کے اطراف 12فیٹ بلند دیوارپر چڑھ گیا اور پھر وہ ویران علاقہ میں چھلانگ لگادی جس کے بعد گجر‘گیٹ تک پہونچ گیا جہاں تک صرف نگران کارعملہ کورسائی کی اجازت حاصل ہے اور وہ ببرشیر کے باڑے (انکلوژر) میں داخل ہوگیا۔

انکلوژرمیں داخل ہوتے ہی وہاں موجود ببرشیر‘ گجرپرجھپٹ پڑا اور اس کی گردن کودبوج لیا اور اسے 100میٹرکے فاصلے تک گھسیٹ کرلے گیا۔ گجر‘برسرموقع ہلاک ہوگیا۔ بعدازاں کیرٹیکرس نے ببر شیر اور شیرنیوں کو پنجرہ میں بندکردیا جس کے بعد گجر کی لاش کوانکلوژر سے باہر نکالا۔

پولیس فوری پہونچ گئی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہاسپٹل منتقل کردیا‘تروپتی کے ایس پی ملیکا گارک نے بتایا کہ مہلوک کی شناخت اس کے جیب سے دستیاب آدھارکارڈ کے ذریعہ ہوئی ہے۔

اس کے جیب میں بس ٹکٹ بھی پایا گیا اس سے اس بات کا اشارہ ملتا ہے کہ وہ 13 فروری کو حیدرآبادسے تروپتی پہونچاتھا۔وہ تنہاتھا اور زو میں داخلہ کیلئے اس نے ایک ٹکٹ خریداتھا۔

پولیس‘گجر کے خاندان کا پتہ اٹھارہی ہے تاکہ اس بات کاپتہ لگایا جائے کہ آیا وہ ذہنی مسئلہ سے دوچار تھا؟۔ اس بات کا بھی پتہ نہیں چل پایا کہ وہ حالت نشہ میں تھا۔ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ میں اس کے بارے میں معلومات مل جائیں گی۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *