[]
مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ غزہ کے النصیرات کیمپ میں ایک رہائشی مکان پر صیہونی حکومت کے فضائی حملے میں سات بچوں سمیت 12 افراد شہید ہوگئے۔
دوسری طرف غزہ شہر کے علاقے “الشجاعیہ” میں فلسطینی شہریوں پر اسرائیلی فضائی حملے میں ایک شخص شہید اور تین زخمی ہو گئے۔
صیہونی رجیم کے وحشیانہ حملے جاری ہیں جب کہ غزہ کی پٹی کی وزارت صحت نے 7 اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ کی پٹی میں قاتل رجیم حکومت کی جارحیت کے نتیجے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے نئے اعداد و شمار جاری کئے ہیں جن کے مطابق طوفان الاقصیٰ کے آغاز سے اب تک غزہ کی پٹی میں شہداء کی تعداد 28 ہزار 663 شہداء اور زخمیوں کی تعداد 68 ہزار 395 ہو گئی ہے۔
غزہ کی وزارت صحت نے بھی تصدیق کی ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صیہونی حکومت نے غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں قتل عام کے 9 جرائم کا ارتکاب کیا ہے جس کے نتیجے میں 87 افراد شہید اور 104 زخمی ہوئے ہیں جب کہ بڑی تعداد میں شہداء کی لاشیں ملبے تلے دبی ہوئی ہیں اور صہیونی فوج، امدادی فورسز کو انہیں باہر نکالنے اور زخمیوں کی مدد کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔