[]
کانپور(یوپی): سنسنی خیز بہمائی قتل عام کیس جس میں ڈاکو پھولن دیوی اور اس کی ٹولی نے کانپور کے ایک گاؤں میں 20 افراد کو گولی مار کر ہلاک کردیا تھا‘کے 4 دہوں بعد یہاں ایک عدالت نے آج اپنا فیصلہ سنایا اور 2 زندہ بچے ملزمین میں سے ایک کو عمر قید کی سزا سنائی۔
انسداد ڈکیتی کیس کے جج امیت مالویہ نے شیام بابو کو مجرم قرار دیا لیکن ثبوتوں کی کمی کی وجہ سے وشواناتھ کو الزامات منسوبہ سے بری کردیا۔
کانپور دیہات ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے وکیل راجو پوروال نے یہ بات بتائی۔ پوروال نے کہا کہ 35 افراد بشمول پھولن دیوی کو اس کیس میں ملزم بنایا گیا تھا۔ شیام بابو اور وشواناتھ کے سوا باقی سب فوت ہوچکے ہیں۔
پھولن دیوی اور ان کی ٹولی نے 14 فروری 1991 کو کانپور دیہات کے راجپور پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع بہمائی گاؤں میں 20 افراد کو ہلاک کردیا تھا تاکہ اونچی ذات کے لوگوں سے ان کی عصمت ریزی کا بدلہ لیا جاسکے۔17 مہلوکین ٹھاکر تھے۔
قتل عام کے بعد والے برسوں میں پھولن دیوی نے اپنے آپ کو قانون کے حوالہ کردیا تھا اور رکن پارلیمنٹ بن گئی تھی۔ 25 جولائی 2001 کو اسے نئی دہلی میں اس کی سرکاری قیامگاہ کے روبرو ہلاک کردیا تھا۔