[]
بیروت: اسرائیلی جنگی طیاروں نے پیر کی سہ پہر جنوبی لبنان کے ایک گاؤں میں ایک مکان پر بمباری کی جس میں لبنان کی شیعہ امل تحریک کے تین ارکان ہلاک اور دو شہری زخمی ہوگئے۔
چین کی خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے لبنانی طبی اور سیکورٹی ذرائع کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں یہ اطلاع دی ہے۔
سول ڈیفنس اور مسلم اسکاؤٹ ایسوسی ایشن کے سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فضائی حملے میں بیت لف گاؤں کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے بعد راحت اور بچاؤ کارکن اور ایمبولینسیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں تاکہ ملبہ ہٹایا جا سکے اور زخمیوں کو قریبی اسپتال پہنچایا جا سکے۔
طبی ذرائع نے بتایا کہ الجبین کے ایک اور گاؤں کو نشانہ بناکر کئے گئے اسرائیلی حملے میں چھرے لگنے سے دو ایمبولینس کو نقصان پہنچا۔
ادھر لبنانی فوجی ذرائع نے ژنہوا کو بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے جنوبی لبنان کے مغربی اور وسطی علاقوں کو نشانہ بناتے ہوئے 14 فضائی حملے کیے اور علاقے کے 18 قصبوں اور دیہاتوں پر تقریباً 100 گولے داغے۔
قابل ذکر ہے کہ لبنان- اسرائیل سرحد پر 8 اکتوبر 2023 سے کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ یہ کشیدگی لبنانی مسلح گروپ حزب اللہ کی جانب سے حماس کے حملے کی حمایت میں اسرائیل کی جانب درجنوں راکٹ داغے جانے کے بعد سامنے آئی ہے۔ اس کے بعد اسرائیل نے جوابی کارروائی میں لبنان میں حملے کئے۔ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان لڑائی میں اب تک لبنانی جانب سے 250 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔