[]
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے یمن کے خلاف امریکہ اور برطانیہ کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے حملوں کو یمن کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے جارحانہ اقدامات کا جاری رہنا بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
کنعانی نے مزید کہا کہ خطے کے ممالک پر حملہ در اصل امریکہ اور برطانیہ کی خطے میں اپنے ناجائز مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے عسکریت پسندی اور فوجی مداخلت کی غلط پالیسی کا تسلسل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ حملے خطے میں جنگ اور کشیدگی نہ پھیلانے کے واشنگٹن اور لندن کے دعووں کے برعکس ہیں۔
ناصر کنعانی نے کہا کہ امریکہ اور برطانیہ صیہونی حکومت کے جنگی جرائم کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں اور خطے میں اپنے فوجی اقدامات سے فلسطینیوں کی نسل کشی کے ذمہ دار ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ امریکہ اور برطانیہ کو مغربی ایشیا میں عسکری جارحیت پر جوابدہ ٹھہرائے۔