[]
ممبئی: پہلی بار ہندوستان کی ٹسٹ ٹیم میں منتخب ہونے کے بعد سرفراز خان نے سخت پریکٹس شروع کردی ہے۔ انہیں پیر کو ٹیم انڈیا میں شامل کیا گیا تھا اور وہ منگل کی صبح 6.30 بجے پریکٹس کیلئے میدان میں پہنچے تھے۔ سرفراز کو انگلینڈ کے خلاف 2 فروری سے شروع ہونے والے دوسرے ٹسٹ کیلئے ہندوستانی ٹیم میں شامل کیاگیا ہے۔
رویندر جڈیجہ اور کے ایل راہول کے زخمی ہونے کے بعد ہندوستان نے اپنی ٹسٹ ٹیم میں تین کھلاڑیوں کو شامل کیا جن میں سرفراز، اسپنر سوربھ کمار اور واشنگٹن سندر شامل ہیں۔ پہلی بار ٹیم میں منتخب ہونے کے بعد سرفراز صبح ساڑھے 6 بجے ٹریننگ کیلئے ممبئی کے گراؤنڈ گئے، انہوں نے اس کی ایک تصویر اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر پوسٹ کی۔
سرفراز نے انگلینڈ لائنز کے خلاف انڈیا اے کی جانب سے سنچری بنائی۔ ممبئی کے بلے باز نے 160 گیندوں میں 161 رنز بنائے جس میں انہوں نے 18 چوکے اور پانچ چھکے لگائے۔ احمد آباد میں انگلینڈ لائنز پر ایک اننگز اور 16 رنز سے انڈیا اے کی جیت میں انہیں ’پلیئر آف دی میچ‘ قرار دیا گیا۔
سرفراز گزشتہ چند سالوں سے ڈومیسٹک سرکٹ میں شاندار فارم میں ہیں اور ہندوستانی ٹیم بالخصوص ٹیسٹ ٹیم کیلئے باقاعدگی سے اپنا دعویٰ پیش کررہے ہیں۔ وہ رانجی ٹرافی 2022 کے سیزن میں 982 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر تھے اور 2019-20 کے سیزن میں بھی 928 رنز بنائے تھے۔
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے 29 جنوری کو ایک بیان جاری کیا جس میں جڈیجہ اور راہول کو دوسرے ٹسٹ کیلئے ہندوستانی ٹیم سے باہر کرنے کی تصدیق کی گئی۔
بی سی سی آئی نے کہاکہ رویندر جڈیجہ اور کے ایل راہول انگلینڈ کے خلاف 2 فروری 2024 سے ویزاگ میں شروع ہونے والے دوسرے ٹسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ جڈیجہ کو حیدرآباد میں پہلے ٹسٹ کے چوتھے دن ہیمسٹرنگ انجری کا سامنا کرنا پڑا جبکہ راہول کو درد ہے۔
جڈیجہ نے حیدرآباد ٹسٹمیں 87 رنز کی اہم اننگز کھیلی، پہلی اننگز میں تین وکٹیں حاصل کئے جبکہ دوسری اننگز میں مزید دو وکٹیں حاصل کیں۔ راہول نے پہلی اننگز میں بھی 86 رنز بنائے لیکن وہ چوتھے دن جارحانہ مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے جب ہندوستان 231 رنز کا تعاقب کررہا تھا۔
جہاں سندر کو جدیجہ کے براہ راست متبادل کے طورپر دیکھا جاسکتا ہے سرفراز کو راہول اور ویراٹ کوہلی کی غیرموجودگی میں دوسرے ٹسٹ میں موقع مل سکتا ہے۔