[]
مودی حکومت کے ذریعہ جانچ ایجنسیوں کے غلط استعمال کا تذکرہ کرتے ہوئے کانگریس صدر کھڑگے نے کہا کہ 2014 اور 2019 کے مقابلے میں آج کانگریس بہت مضبوط حالت میں ہے۔ اس سے بے چین بی جے پی اتحاد میں شامل پارٹیوں کو توڑنے اور ان میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ای ڈی، سی بی آئی اور آئی ٹی سبھی جڑے ہوئے ہیں۔ سابق وزیر اعلیٰ لالو جی کے کنبہ کو بھی پریشان کیا جا رہا ہے۔ جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ کے اوپر بھی ای ڈی کا غلط استعمال کر حکومت کو غیر مستحکم کرنے کا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ کھڑگے نے مزید کہا کہ آئندہ انتخاب آئین و جمہوریت بچانے کے لیے لڑا جانے والا انتخاب ہوگا۔ غریبی، تعلیم، صحت، روزگار… یہ ملک کے حقیقی مسائل ہیں۔ ہم انہی کی بات کرتے ہیں اور ان مسائل کو ہی حل کرنے کے لیے لوگوں سے ووٹ مانگتے ہیں۔ اپنے پیغام کے آخر میں کھڑگے نے کہا کہ ’’مجھے یقین ہے کہ آپ بھارت جوڑو نیائے یاترا کے نظریات کو گھر گھر تک پہنچائیں گے۔‘‘