[]
نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیرقیادت مرکزی حکومت نے منگل کو ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے بہار میں اپنے وقت کے قدآور لیڈر اور سابق وزیراعلیٰ بہار کرپوری ٹھاکر کو بعد از مرگ ملک کا اعلیٰ ترین اعزاز بھارت رتن دینے کا اعلان کیا ہے۔
راشٹرپتی بھون نے دیر شام ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے مسٹرکرپوری ٹھاکر کو بھارت رتن ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔
مسٹر ٹھاکر کو ان کے 100ویں یوم پیدائش سے ایک دن قبل یہ اعزاز دینے کے حکومت کے اعلان کو لوک سبھا انتخابات سے قبل مرکزی حکومت کے ایک اہم اور دور رس قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جنتا دل یو نے مسٹر ٹھاکر کو بھارت رتن دینے کا مطالبہ کیا تھا اور مودی حکومت نے اس مطالبہ کو پورا کرکے بڑا داؤ کھیلا ہے۔
آزادی پسند، استاد اور معروف سیاست دان مسٹرٹھاکر 24 جنوری کو سمستی پور ضلع کے پتونجھیا گاؤں میں پیدا ہوئے، جسے اب کرپوریگرام کہا جاتا ہے۔ ان کی مقبولیت کی وجہ سے انہیں عوامی ہیرو بھی کہا جاتا تھا۔
بھارت چھوڑو تحریک کے دوران انہوں نے 26 ماہ جیل میں گزارے۔ انہوں نے 22 دسمبر 1970 سے 2 جون 1971 تک اور 24 جون 1977 سے 21 اپریل 1979 کے دوران دو بار بہار کے وزیر اعلیٰ کے طور پر خدمات انجام دیں۔
مسٹرٹھاکر کو بھارت رتن سے نوازنے کے اعلان کو پسماندہ طبقات کی بہتری میں ان کی زندگی بھر کی شراکت اور سماجی انصاف کے لیے ان کی کوششوں کو خراج عقیدت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔