بہار: گوپال گنج میں ہائی ٹینشن تار کی زد میں آیا محرم جلوس، 11 افراد جھلسے، 4 کی حالت سنگین

[]

بہار کے گوپال گنج ضلع واقع اچاکا گاؤں علاقہ میں جمعہ کے روز محرم کی نویں تاریخ کو نکالے جا رہے جلوس کے دوران بڑا حادثہ ہوا۔ جلوس کے ساتھ چل رہے تعزیہ کے وہاں ہائی ٹینشن تار کی زد میں آ جانے سے جلوس میں شامل کم از کم 11 افراد جھلس گئے۔ ان میں سے 4 کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔ سبھی زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

گوپال گنج پولیس کے مطابق جمعہ کو تعزیہ جلوس میں ہرپور صفی ٹولہ گاؤں کے کئی نوجوان ہاتھوں میں لاٹھی، ڈنڈے، درخت کی ٹہنی اور ہرے بانس کو لے کر شامل ہوئے۔ دھرم چک گاؤں کی طرف جلوس ملان کے لیے جا رہا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس دوران نوجوان جیسے ہی دھرم چک گاؤں کی طرف بڑھے، تبھی اوپر سے گزر رہے 11 ہزار کے وی اے بجلی کے تار کے رابطے میں تعزیہ آ گیا۔ اس سے 10 سے زیادہ نوجوان اچانک بیہوش ہو کر سڑک پر گر گئے اور زخمی ہو گئے۔

اس واقعہ کے بعد علاقہ میں افرا تفری کی حالت پیدا ہو گئی۔ سبھی زخمیوں کو آناً فاناً میں علاج کے لیے صدر اسپتال بھیجا گیا۔ حادثے کی خبر پا کر ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر نول کشور چودھری اور پولیس سپرنٹنڈنٹ سورن پربھات صدر اسپتال پہنچے۔ افسران نے متاثرین کے علاج کے بارے میں ڈاکٹروں سے جانکاری لی۔ جھلسے ہوئے لوگوں سے بھی حادثہ کے بارے میں معلومات حاصل کی۔

ضلع مجسٹریٹ نے اس واقعہ کے تعلق سے بتایا کہ محرم کا جلوس نکالنے کی اطلاع انتظامیہ کو نہیں دی گئی تھی، جس وجہ سے بجلی کی فراہمی نہیں کاٹی گئی تھی۔ انھوں نے کہا کہ سبھی زخمیوں کو علاج کے لیے صدر اسپتال بھیجا گیا ہے۔ زخمیوں کی حالت معمول پر ہے۔ سبھی زخمی خطرے سے باہر ہیں۔ ڈاکٹروں کو بہتر علاج کی ہدایت دے دی گئی ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *