[]
حیدرآباد: سابق ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی طلاق ’چند ماہ‘ قبل ہو چکی تھی۔ اتوار کو باضابطہ طور پر ثانیہ مرزا اور اُن کے خاندان کی جانب سے شعیب ملک کی پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید سے شادی کے ایک دن بعد یہ بیان جاری کیا گیا جس میں ’پرائیویسی‘ کی درخواست کی گئی اور سوشل میڈیا پر مداحوں سے قیاس آرائیوں سے گریز کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ثانیہ نے اپنی ذاتی زندگی کو ہمیشہ عوام کی نظروں سے دور رکھا ہے۔ تاہم آج ضرورت اس بات کی ہے کہ وہ یہ بتائیں کہ شعیب ملک اور ان کی طلاق کو چند ماہ ہوئے ہیں۔ وہ شعیب کو ان کے نئے سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہیں۔
ان کی زندگی کے اس مشکل دور میں ہم تمام چاہنے والوں اور خیر خواہوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ کسی بھی قسم کی قیاس آرائیوں میں ملوث ہونے سے گریز کریں اور ان کی پرائیویسی کا احترام کریں۔‘
شعیب ملک نے اپنی شادی کی تقریب کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے قرآن کی آیت لکھی جس کا ترجمہ ہے کہ ’اور ہم نے آپ کو جوڑوں میں بنایا ہے۔‘ ’پیارے افضل‘ ڈرامہ سے مشہور ہونے والی اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی شادی کی تقریب کی تصاویر بھی شیئر کیں اور بعد میں اپنا بائیو ثناء جاوید سے بدل کر ثناء شعیب ملک کر دیا۔
دونوں کے بارے میں افواہیں تھیں کہ وہ کافی عرصے سے ڈیٹ کر رہے تھے۔ اس دوران ثانیہ سے شعیب ملک کی علیحدگی کی قیاس آرائیاں عروج پر تھیں۔ چھ بار گرینڈ سلیم جیتنے والی ثانیہ مرزا اور نہ ہی پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے اپنی طلاق کی افواہوں پر کے بارے میں کوئی بیان دیا تھا۔
دونوں کو گزشتہ سال دبئی میں اپنے بیٹے اذہان مرزا ملک کی پانچویں سالگرہ کے موقع پر ساتھ دیکھا گیا۔ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے گزشتہ سال متحدہ عرب امارات میں ایک ٹاک شو کی میزبانی بھی کی جس میں مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا۔