[]
اسلام آباد: پاکستان اور ایران کے درمیان کشیدہ صورت ِحال کے بعد ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ رحیم حیات قریشی اورایرانی ہم منصب سید رسول موسوی میں مثبت پیامات کا تبادلہ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ایران کے درمیان تناؤ کی صورتحال کے بعد مثبت پیامات کا تبادلہ ہوا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پاکستان کے ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ رحیم حیات قریشی اور ایرانی ہم منصب سید رسول موسوسی نے کشیدگی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔
رسول موسوی نے لکھا تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں لیکن پاکستان اور ایران دوستانہ تعلقات کی اہمیت کوسمجھتے ہیں اور دشمنوں کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو متاثر نہیں ہونے دیں گے کیونکہ حالیہ تناؤ کا فائدہ دشمنوں اوردہشت گردوں کو ہوگا، آج مسلم دنیا کا اہم مسئلہ غزہ میں صہیونیوں کے جرائم بند کرنا ہے۔
رحیم حیات قریشی نے رسول موسوی کے ٹوئٹ پر جواباً لکھا مثبت بات چیت کے ذریعہ تمام مسائل کو حل کرنے آگے بڑھیں گے، دہشت گردی سمیت ہمارے مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے مربوط کارروائی کی ضرورت ہے، دونوں ممالک کے درمیان برادرنہ تعلقات ہیں۔