[]
محکمہ موسمیات نے جمعہ کو مختلف مقامات پر موسلادھار بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ جس کے پیش نظر پالگھر اور تھانے کے تمام پرائمری، سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اسکول بند کر دیے گئے ہیں
ممبئی: ممبئی میں موسلادھار بارش کی وجہ سے حالات خراب ہو گئے ہیں۔ شہر میں جگہ جگہ پانی بھر گیا ہے، جس کے باعث آنے جانے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ممبئی کے لوگوں کو فی الحال بارش سے راحت نہیں ملے گی، کیونکہ محکمہ موسمیات نے یہاں تازہ بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔
بی ایم اے سی نے ایک بیان میں کہا کہ صبح 8:00 بجے موسم کی پیشن گوئی کے مطابق، ممبئی اور اس کے مضافات میں مختلف مقامات پر بھاری سے بہت زیادہ بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ 40-50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے ممبئی کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے اور جمعہ کو مختلف مقامات پر موسلادھار بارش کی وارننگ دی گئی ہے۔ موسلادھار بارش کی وارننگ کے پیش نظر مہاراشٹر کے پالگھر اور تھانے کے تمام پرائمری، سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔
مسلسل بارش کے باعث تانسا ڈیم اوور فلو ہونے لگا اور اس کے 15 گیٹ کھول دیے گئے، جہاں سے 165000 کیوسک پانی چھوڑا جا رہا تھا۔ پالگھر ضلع میں دھامنی ڈیم سے 8400 کیوسک اور کاواڈاس ڈیم سے 21100 کیوسک پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ تلسی جھیل، ویہر جھیل اور تانسا جھیل کے بعد ممبئی والوں کے لیے یہ چوتھی تازہ پانی فراہم کرنے والی جھیل ہے۔
اس دوران ممبئی کے مختلف مقامات سے سیلاب کی تصاویر اور ویڈیوز منظر عام پر آچکے ہیں۔ شہر میں موسلا دھار بارش کے باعث وڈالا کے کئی علاقے زیر آب آگئے۔ اس کے علاوہ شہر کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی صورتحال ہے۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق، تھانے ضلع کے بھیونڈی اور میرا بھئیندر کے کئی نشیبی علاقے، جبکہ پالگھر ضلع کے وسائی اور ویرار میں مسلسل بارش کی وجہ سے پانی بھر گیا ہے۔
ممبئی میں جمعرات کو بھی موسلادھار بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ مرکزی سڑکوں پر ٹریفک جام دیکھنے میں آیا۔ مغربی اور وسطی ریلوے دونوں کی مضافاتی ٹرین خدمات بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔ ماٹونگا، ڈی این نگر، بائیکلہ، ٹرامبے، آزاد میدان، کاندیولی، کلبا دیوی، اوشیوارہ، دہیسر، مگٹھانے میں پانی جمع دیکھا گیا، ان میں سے زیادہ تر علاقوں میں تقریباً آدھا فٹ پانی بھر گیا ہے۔ بارش کی وجہ سے مغربی ریلوے کی مضافاتی ٹرین خدمات دن بھر 10-15 منٹ کی تاخیر سے روانہ ہوئیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔