[]
حیدر آباد: بی آر ایس پارٹی کے کارگزار صدر کے تارک راما راؤ نے آج کہا کہ ریاستی حکومت کو چاہیے کہ وہ ٹیکسٹائل انڈسٹری سے متعلق مزید ترقیاتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ پارچہ صنعت سے کئی افراد وابستہ ہیں۔ اِس لئے اِس صنعت کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کئے جانے چاہیے۔ انہوں نے اِس سلسلہ میں حلقہ اسمبلی سرسلہ کا تذکرہ کیا اور کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئی اقدامات کرنے کا تذکرہ کیا جارہا ہے۔
ضرورت اِس بات کی ہے کہ ریاست میں پارچہ کی صنعت کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ سرسلہ میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کو 10 برس کے دوران شاندار ترقی حاصل ہوئی تھی اور یہاں ماہر ورکرس خدمات انجام دیا کرتے ہیں۔
ضرورت اِس بات کی ہے کہ اِن ماہرین کی خدمات سے استفادہ کرتے ہوئے توسعی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ 10 برس کے دوران بی آ رایس حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی وجہ سے پارچہ صنعت کو ترقی حاصل ہوتی رہی اور
اب ریاستی کانگریس حکومت کو چاہیے کہ وہ پاور لوم ٹیکسٹائل انڈسٹری کی مزید ترقی کے لئے اقدامات کرے تاکہ نہ صرف صنعت کو استحکام حاصل ہو بلکہ مختلف پروگرامس کو جاری رکھا جاسکے جو کہ سابق حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے ہیں۔
کے ٹی آر نے کہا کہ اِس سلسلہ میں حکومت کا تعاون ضروری ہے تاکہ مسابقتی دور میں دوسری ریاستوں جیسے ترپور، ٹاملناڈو سے مسابقت کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ 15 دنوں سے جو اطلاعات سنی جارہی ہے، اُس سے ہم کو فکر لاحق ہوتی جارہی ہے۔