[]
نئی دہلی: برطانوی ہائی کمشنر متعینہ اسلام آباد کے دورۂ پاک مقبوضہ کشمیر کے خلاف سخت احتجاج درج کراتے ہوئے وزارت خارجہ نے کہاکہ ہندوستان کی علاقائی یکجہتی کی خلاف ورزی ناقابل قبول ہے اور اس بات کو دہرایا کہ جموں و کشمیر ہمیشہ سے ملک کا اٹوٹ حصہ تھااور رہے گا۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کے دورہ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے وزارت نے کہاکہ ہندوستان نے اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر کے برطانوی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار کے ساتھ 10جنوری 2024 کو پاک مقبوضہ کشمیر کے انتہائی قابل اعتراض دورہ کا سنگین نوٹ لیاہے۔
ہندوستان کے اقتدار اعلیٰ اور علاقائی یکجہتی کی ایسی خلاف ورزی ناقابل قبول ہے۔ پاک مقبوضہ کشمیر کے میر پور میں لی گئی اپنی بعض تصاویر شیئر کرتے ہوئے جین میریٹ نے X پر پوسٹ کیاتھا۔ ”میر پور‘ برطانوی اور پاکستانی عوام سے عوام کے روابط کا دل‘ سے سلام۔
70 فیصد برطانوی نژاد پاکستانیوں کی جڑوں کا تعلق میرپور سے ہے۔ آپ کی میزبانی کا شکریہ۔“پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن کے ہینڈل پر جین میریٹ کے اس علاقہ کے دورہ کا ایک ویڈیو بھی شیئر کیا گیا جس میں انہیں ایک بیکری پر جاتے ہوئے اور ضلع عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
گزشتہ سال امریکی سفیر متعینہ اسلام آباد ڈونالڈ بلوم کے دورہ گلگت بلتستان پر بھی جو پاک مقبوضہ کشمیر میں واقع ہے‘ ہندوستان نے تشویش کااظہار کیاتھا۔ وزارت خارجہ نے عالمی برادری سے اپیل کی تھی کہ وہ ملک کے اقتدار اعلی اور علاقائی یکجہتی کا احترام کرے۔
امریکی سفیر نے 2022 میں بھی پاک مقبوضہ کشمیر کا دورہ کیاتھا۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے دسمبر میں پارلیمنٹ میں بیان دیتے ہوئے کہاتھا کہ پاک مقبوضہ کشمیر کے لیے جموں و کشمیر اسمبلی میں 24 نشستیں محفوظ کی گئی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیاتھا کہ ”پاک مقبوضہ کشمیر“ ہمارا ہے۔