[]
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں مہاراشٹرا کے سابق وزیر نوا ب ملک کی عبوری طبی ضمانت میں چھ ماہ کی توسیع کردی۔ جسٹس بیلا ایم تریویدی اور پنکج متل کی بنچ نے حکم دیا کہ ملک کو طبی بنیادو ں پر عطا کردہ عارضی ضمانت میں چھ ماہ کی توسیع کی جاتی ہے۔
مختصر سماعت میں ای ڈی کے وکیل ایڈیشنل سالیسیٹر جنرل (اے ایس جی) ایس وی راجو نے کہا کہ سپریم کورٹ اگر ملک کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتی ہے تو انسداد منی لانڈرنگ ایجنسی کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔
قبل ازیں عدالت عظمیٰ نے عبوری ضمانت میں تین ماہ کی توسیع یہ نشاندہی کرتے ہوئے کی تھی کہ ملک اب بھی گردہ کے سنگین عوارض میں مبتلا ہیں اور ان کی صحت میں بہتری نہیں آئی ہے۔ ملک کو سپریم کورٹ نے گزشتہ سال اگست میں خالص طبی بنیادوں پر عبوری ضمانت پر رہا کیا تھا۔
ضمانت کی شرائط طے کرنے کی ذمہ داری ذیلی عدالت کو دی گئی تھی۔ ای ڈی نے سینئر سیاستداں کو فروری2022ء میں انڈرورلڈ کے روابط کے ساتھ مبینہ جائیداد کی معاملت کے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا۔