[]
نئی دہلی: جنوری کے آغاز سے ہی ملک کی کئی ریاستوں میں کولڈ ڈے (سرد دن) سے لے کر شدید سردی تک کے حالات ہیں۔ شمالی ہندوستان میں شدید سردی نے لوگوں کا جینا مشکل کر دیا ہے۔ دہلی، یوپی، بہار، اتراکھنڈ کے لیے سرد دن کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ کئی شہروں میں دھند اور سردی کی لہر کا بھی اثر نظر آ رہا ہے اور فی الحال سردی سے راحت ملنے کی کوئی امید نہیں ہے۔
پنجاب، مغربی اتر پردیش، ہریانہ، مشرقی مدھیہ پردیش، بہار، آسام اور تریپورہ کے کئی علاقوں میں گھنی دھند چھائی ہوئی ہے۔ آج یعنی 11 جنوری 2024 کی بات کریں تو آگرہ، یوپی میں دھند کی وجہ سے حد نگاہ صفر درج کی گئی۔ وہیں، تقریباً 5.30 بجے ہریانہ کے حصار میں 50 میٹر، دہلی کے پالم میں 100 میٹر، بہار کے پورنیہ میں 50 میٹر، مدھیہ پردیش کے ساگر اور ستنا میں بھی 50 میٹر حد نگاہ ریکارڈ کی گئی۔