تلنگانہ:گاڑیوں کے زیرالتواچالانات کی ادائیگی کے آخری دن عوام کا بہتر ردعمل

[]

حیدرآباد: تلنگانہ حکومت کی جانب سے گاڑیوں کے زیرالتواچالانات کی ادائیگی کیلئے بڑے پیمانہ پر رعایت کے آخری دن عوام کا بہتر ردعمل سامنے آیا۔

بھاری ڈسکاونٹ کا آخری دن ہونے کی وجہ سے پھر ایک مرتبہ چالانات ادا کرنے والوں کا ہجوم ٹریفک پولیس کی ویب سائٹ پر امڈ پڑا۔

بعض افراد نے ویب سائٹ کھلنے میں بھی مشکلات کی شکایت کی ہے۔ ریاست بھر میں بڑے پیمانہ پر زیرالتوا ٹریفک چالانات کو ختم کرنے کے لئے یہ قدم اٹھایاگیا ہے جس کی شہریوں کی جانب سے ستائش کی جارہی ہے۔پولیس نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس ون ٹائم پیشکش سے فائدہ اٹھائیں۔

ریاست بھر میں 3کروڑ59لاکھ زیرالتواچالانات ہیں جن میں سے اب تک ایک کروڑ14لاکھ چالانات کی رقم اداکردی گئی۔حیدرآباد،سائبرآباد، رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹس کے حدود میں زیرالتواچالانات کی رقم کی ادائیگی سے 57کروڑروپئے کی رقم وصول کی گئی۔

حکومت نے گذشتہ سال 26دسمبر سے چالانات پر رعایت کی شروعات کی تھی۔ سائبر دھوکہ بازوں کی جانب سے آن لائن چالان ادا کرنے والوں کو نشانہ بنانے کے لئے ایک نقلی ویب سائٹ بناتے ہوئے اسے انٹرنیٹ پر وائرل کردیا گیا جس کا پولیس نے فوری پتہ چلایا اور شہریوں سے خواہش کی کہ وہ ٹریفک پولیس کی حقیقی ویب سائٹ سے رجوع ہوتے ہوئے چالانات ادا کریں جس کی وجہ سے خاص طور پر ای سیوا اور می سیوا سنٹرس پر گاڑی سواروں کی کثیر تعداد دیکھی گئی۔

اسی دوران پولیس نے انتباہ دیا ہے کہ رعایت دینے کے باوجود بھی چالانات کی رقم ادا نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *