[]
حیدرآباد: عوامی مسائل کے سلسلہ میں تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے پرجا بھون میں پرجاوانی پروگرام جاری ہے۔ہر منگل اور جمعہ کو عوام کی بڑی تعداد درخواستیں داخل کررہی ہے۔
پرجاوانی اسٹیٹ نوڈل آفیسر دیویا اور کمشنرگریٹرحیدرآبادمیونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی) رونالڈ راس نے عوام سے موصول درخواستوں کا جائزہ لیا۔
مختلف اضلاع سے بڑی تعداد میں درخواست گذار اپنے کام کے سلسلہ میں حکام سے اپیل کرنے آرہے ہیں، ان میں بیشتر اراضیات کے تنازعات اور وظائف سے متعلق مسائل ہیں۔
ہفتہ میں دو دن 10بجے دن تا ایک بجے دوپہر پرجا وانی پروگرام منعقد کیاجارہا ہے۔دس بجے دن سے پہلے آنے والے افراد کو ہی درخواستیں داخل کرنے کا موقع دیاجارہا ہے۔
اس موقع پر پولیس کابھاری بندوبست دیکھاجارہا ہے۔ریاستی حکومت نے معذورین کیلئے علحدہ قطار کا انتظام کیا ہے۔پرجا وانی کیلئے آنے والوں کے لئے بنیادی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔تلنگانہ میں تقریبا دس سال بعد کانگریس کے برسراقتدارآنے کے بعد اس پروگرام کو شروع کیاگیا ہے جس پر عوام کا بہتر ردعمل سامنے آرہا ہے۔
آج منگل کو ریاست بھر سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں عوام کی بڑی تعداد اپنی شکایات اور مسائل کے ساتھ پہنچی جو قطار میں کھڑے تھے۔