[]
حیدرآباد: چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ اضلاع کی تنظیم جدید کیلئے عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے گا‘ ایک تلگو ٹی وی چانل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے اضلاع کی تنظیم جدید سائنٹفک اعتبار سے نہیں کیا تھا اور کانگریس حکومت اضلاع کی تنظیم جدید کا از سرنو جائزہ لینے کیلئے عدالتی کمیشن قائم کرے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس مسئلہ پر فیصلہ ریاستی اسمبلی میں مباحث کے بعد کیا جائے گا چیف منسٹر نے واضح کیا کہ عوام سے تجاویز اور اعتراضات قبول کرنے کے بعد اس عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔
چیف منسٹر نے کہا کہ عدالتی کمیشن کی قیادت سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ کے موظف جج کو تفویض کی جائے گی اور یہ کمیشن تمام119 اسمبلی حلقوں کا دورہ کرتے ہوئے شہری، نیم شہری، دیہی علاقوں، منڈلس اور بلدیہ کا گہرائی سے مطالعہ کرے گا۔
یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ2014 میں آندھرا پردیش کی تنظیم جدید اور تشکیل تلنگانہ کے بعد نئی ریاست 10اضلاع پر مشتمل تھی سابق بی آر ایس حکومت نے ریاست میں اضلاع کی تنظیم جدید کرتے ہوئے 23 نئے اضلاع تشکیل دئیے جس کے بعد اضلاع کی جملہ تعداد بڑھ کر 33 ہوگئی اب چیف منسٹر ریونت ریڈی کا ماننا ہے کہ اضلاع کی تنظیم جدید کو درست انداز میں انجام نہیں دیا گیا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ منڈلس اور ریونیو ڈیوژنس کی تشکیل مناسب انداز میں نہیں کی گئی۔ ریاستی کا بینہ میں توسیع مسئلہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ آئندہ ایک سو دنوں میں کابینہ میں توسیع کی جائے گا۔
یہ عمل قانون ساز کونسل کی دونشستوں کے ضمنی انتخابات کے بعد کیا جائے گا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ چونکہ ریاستی کابینہ میں اقلیتی طبقہ کو نمائندگی حاصل نہیں ہے، اقلیتی طبقہ کے ایک قائد کو کونسل کیلئے نامزد کرتے ہوئے انہیں کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ گورنر کوٹہ کے تحت صدر ٹی جے ایس پروفیسر ایم کودنڈا رام کو کونسل کیلئے نامزد کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کودنڈا رام ماہر تعلیم اور دانشور شخصیت ہیں اور وہ کونسل کیلئے نامزد کرنے کیلئے پوری طرح اہل ہیں۔
چیف منسٹر نے مزید کہا کہ مختلف کارپوریشنس اور اداروں کے لئے صدر نشین کے عہدوں پر جنوری کے اختتام تک تقررات عمل میں لائے جائیں گے جس میں پارٹی کیلئے شب و روز محنت کرچکے قائدین اور پارٹی کی کامیابی کیلئے قربانیاں دے چکے قائدین کو جگہ دی جائے گی۔
ریونت ریڈی نے انکشاف کیا کہ راہول گاندھی کی ہدایت پر ہی انہوں نے دواخانہ پہنچ کر سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی عیادت کی تھی۔