[]
دہلی: ریاست بہار میں ایک ایسا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جس کی ویڈیو دیکھ کر رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔
کہا جا جاتا ہے کہ جسے اللہ رکھے اسے کون چھکے، ایسا ہی ایک واقعہ بہار میں پیش آیا، جب پٹری پر ایک خاتون اپنے دو ننھے بچوں کے ہمراہ گر گئی، اور اسے اٹھنے کا موقع نہ مل سکا، لیکن اس نے بچوں کو اپنے ساتھ چمٹا کر بچوں کی جان بچا لی۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماں اور اس کے دو بچے کس طرح کرشماتی طور پر محفوظ رہتے ہیں، جب وہ ریلوے اسٹیشن پر پٹریوں پر گرے تو ایک ٹرین ان کے اوپر سے گزر گئی۔ خاتون نے اپنے دو بچوں کو اپنے جسم کے ساتھ چمٹا لیا تھا، اور پھر خود بھی زمین کے ساتھ بالکل چپک گئی، تاکہ وہ ٹرین کی باڈی کی زد سے بچ سکے۔
یہ واقعہ بہار کے بڑھ ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا تھا۔ اتنا خوف ناک واقعہ پیش آنے کا اثر تھا کہ ٹرین گزر جانے کے بعد بھی خاتون کچھ دیر تک ہل بھی نہیں سکی، وہاں موجود مسافروں نے تیزی سے نیچے اتر کر خاتون اور اس کے بچوں کو اٹھایا اور واپس پلیٹ فارم پر کھینچا۔
معلوم ہوا کہ خاتون اور اس کے دو بچے اپنے افراد خاندان کے ساتھ دہلی جانے والی وکرم شیلا اکسپریس میں سوار ہونے کے لیے اسٹیشن پر پہنچے تھے، تاہم ٹرین میں سوار ہونے کے دوران دھکم پیل میں وہ تینوں پلیٹ فارم سے نیچے پٹری پر گر گئے، اور اسی وقت ٹرین چل پڑی۔
جب ٹرین خاتون اور اس کے بچوں پر سے گزر رہی تھی تو پلیٹ فارم پر کھڑے لوگ چیخنے لگے اور دہشت زدہ ہو کر انھیں دیکھ رہے تھے۔ جب کہ ماں اپنے بچوں کے لیے ڈھال بن کر انھیں بچا رہی تھی۔