[]
نئی دہلی: وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کو کانگریس پارٹی میں ضم کرنے کے ایک دن بعد وائی ایس شرمیلا نے جمعہ کے روز ملک کے صدر مقام دہلی میں کانگریس پارٹی کے صدر ملکارجن کھر گے سے ان کے مکان میں ملاقات کی۔
بعدازاں شرمیلا نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے دی جانے والی کوئی بھی ذمہ داری قبول کرنے کیلئے وہ تیار ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شرمیلا نے کہا کہ کانگریس پارٹی، انہیں کوئی ذمہ داری دینے کے بارے میں سوچ رہی ہے اس تعلق سے وہ کھرگے سے ملاقات کرچکی ہیں۔
میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ پارٹی جو بھی ذمہ داری دے گی وہ اسے نبھانے کیلئے تیار ہیں۔ آندھرا پردیش کے چیف منسٹر کی بہن و سابق چیف منسٹر آنجہانی راج شیکھر ریڈی کی دختر وائی ایس شرمیلا نے بعدازاں ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے کھر گے سے رہنمائی حاصل کی ہے۔
شری کھر گے جی سے بات چیت کرنے کے بعد انہیں خوشی ہوئی۔ پارٹی کو آگے لیجانے اور پارٹی کو مختلف محاذوں پر مضبوط ومستحکم بنانے کیلئے میں نے کھرگے سے رہنمائی حاصل کی ہے۔ آئندہ کیا اور نیا ہونے والا ہے، وہ اس بارے میں پر جوش ہیں، ایکس پر تحریر کرتے ہوئے شرمیلا نے یہ بات کہی۔
انہوں نے کانگریس کے جنرل سکریٹری (تنظیم) کے سی وینو گوپال سے انہیں دی جانے والی ذمہ داری کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اس توقع کااظہار کیا کہ ایک یا دو دنوں میں صورتحال واضح ہوجائے گی کہ انہیں کونسی ذمہ داری ملنے والی ہے۔ راہول گاندھی کی موجودگی میں کھر گے نے جمعرات کے روز شرمیلا کو کانگریس پارٹی میں شامل کیا۔