[]
حیدرآباد: ریاست تلنگانہ میں جاری پرجا پالانا پروگرام کے دوران عہدیداروں کو عوام سے 57 لاکھ درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ بیشتر درخواستیں،6ضمانتوں سے متعلق ہیں۔ اسمبلی انتخابات کی مہم کے دوران کانگریس نے عوام سے 6ضمانتوں کو نافذ کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ مواضعات اور ٹاونس میں بھی عہدیدار، عوام سے راشن کارڈز اور دیگر ضروریات کیلئے بھی درخواستیں وصول کررہے ہیں۔
پرجا پالانا پروگرام کے اختتام کیلئے مزید2 دن باقی ہیں۔ ریاست بھر میں جمعرات کے روز چوتھے روز بھی درخواستوں کے ادخال کیلئے کاونٹرس پر عوام کی طویل قطار یں دیکھی گئیں۔ دریں اثنا چیف سکریٹری اے شانتی کماری نے کہا کہ ہر 4ماہ میں ایک بار پرجاپالانا پرورگام کا اہتمام کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ طور پر جاری پرجاپالانا پروگرام میں درخواستیں داخل کرنے سے محروم افراد کو درخواستوں کے ادخال کیلئے ایک موقع دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پرجاپالانا پروگرام کے دوران موصولہ درخواستوں کی 17جنوری تک ڈاٹا انٹری عمل کو پورا کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ اس سلسلہ میں ضروری قدم اٹھائیں۔ انہوں نے تمام مواضعات، بلدی وارڈز میں پرامن انداز میں پرجا پالانا پروگرام کے انعقاد پر ضلع کلکٹرس کی ستائش کی۔ چیف سکریٹری نے تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ درخواستوں کی وصولی کا عمل ختم ہونے کے فوری بعد منڈل سطح پر ڈاٹا انٹر کا کام شروع کردیں۔
ڈاٹا انٹری عمل کی نگرانی کیلئے تحصیلدار اور منڈل ڈیولپمنٹ آفیسر مجاز رہیں گے۔ پرجاپالانا کے ضلعی سوپروائزرس، ضلع سطح کے ڈاٹا انٹری عمل کا مشاہدہ کریں گے۔