[]
ایرانی وزارت خارجہ نے کرمان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ شہید سلیمانی کی برسی کے موقع پر ہونے والا المناک واقعہ شکست خوردہ عناصر کی شرمناک کاروائی ہے۔
وزارت خارجہ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ کرمان میں پیش آنے والا واقعہ ایران کے دشمنوں کی ایک شرارت ہے جو اپنے ہاتھوں پیدا کردہ بحرانوں سے خود کو نکالنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔
وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ذریعے ایرانی خواتین، بچوں اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بناکر ان کو شہید سلیمانی کے مکتب سے دور نہیں کیا جاسکتا بلکہ ان احمقانہ اقدامات کے نتیجے ایرانی عوام میں مزید اتحاد پیدا ہوگا اور دشمنوں کے لئے مزید نفرت پیدا ہوگی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔
دراین اثناء ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ کرمان میں ہونے والا واقعہ غیر انسانی عمل ہے۔ دشمن ایرانی عوام کو اسلامی حکومت اور نظام سے عقیدت کو کم کرنے کی مکروہ سازشوں میں مصروف ہیں لیکن ان کی مکروہ سازشیں ناکام ہوں گی۔