حصول اقتدار کے بعد کانگریس قائد انانیت کا شکار: کشن ریڈی

[]

حیدرآباد: مرکزی وزیر و صدر بی جے پی تلنگانہ کشن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد کانگریس قائدین تکبر میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ انانیت کاشکار ہوتے ہوئے الٹے سیدھے بیانات دے رہے ہیں۔

 چیف منسٹر اے ریونت ریڈی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ انہیں یہ سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ کیوں، ریونت ریڈی کا لیشورم پروجیکٹ میں بے قاعدگیوں کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ انہوں نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بطور ذمہ دار اپوزیشن ہماری تعمیری تجاویز پر غور کرنے کے بجائے کانگریس قائدین ہم پر شخصی الزامات لگاتے ہوئے ہماری کردار کشی کررہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے ہر شہری کو معلوم ہے کہ ریونت ریڈی نے کس طرح دولت جمع کی ہے۔ انہوں ے کہا کہ ریونت ریڈی کی سیاسی زندگی اور ان کی سیاسی زندگی کا آغاز کیسے ہوا‘ کے بارے میں ہر شخص اچھی طرح واقف ہے۔

 انہوں نے چیف منسٹر کو چالینج کرتے ہوئے کہا کہ کیا وہ ان کے اور کشن ریڈی کے ذرائع آمدنی کی تحقیقات کا سامنے کرنے تیار ہیں؟۔ انہوں نے پھر ایک بار الزام لگایا کہ کالیشورم پر وجیکٹ کے معاملہ میں کانگریس حکومت کے سی آر کو بچانے میں مصروف ہے۔

صدر ریاستی بی جے پی نے جاننا چاہا کہ بطور ایم پی کالیشورم پروجیکٹ کی جملہ تفصیلات سی بی آئی کو بتانے کی پیشکش کرنے والے ریونت ریڈی نے چیف منسٹر بننے کے بعد کیوں خاموشی اختیار کرلی ہے۔

 کے سی آر نے سی بی آئی کو ریاست میں آنے سے روکنے کیلئے قانون سازی کی تھی، ورنہ بی جے پی اس معاملہ کی تحقیقات کیلئے سی بی آئی کو اجازت دے دیتی تھی۔

کشن ریڈی نے صرف15 دنوں میں فارما سٹی کے متعلق یوٹرن لینے کی وجہ بتانے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی دباؤ میں کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جب تک راہول گاندھی ہیں، مودی ہی وزیر اعظم بننے رہیں گے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *