[]
نئی دہلی: ہندوستان کے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت گزشتہ سال اسی دن کار حادثے کا شکار ہوگئے تھے۔ ہفتہ کو حادثہ کے ایک سال مکمل ہونے پر آئی پی ایل فرنچائز دہلی کیپٹلز نے ایک جذباتی ویڈیو شیئر کی۔ پنت اس ٹیم کے کپتان ہیں۔
دہلی کیپٹلس نے کہاکہ وہ زبردست واپسی کیلئے تیار ہیں۔ وہ آئی پی ایل کے آئندہ سیزن میں ٹیم کی کپتانی کرتے نظر آسکتے ہیں۔ فرنچائز نے انہیں برقرار رکھا ہے۔
دہلی کیپٹلس نے لکھاکہ اس خوفناک رات کو 365 دن گزر چکے ہیں۔ تب سے شکرگزاری، ایمان، محنت اور کبھی نہ کہنے والا رویہ اس کی رگوں میں دوڑتا ہے تاکہ ہر روز کھیل میں مضبوط واپسی کی جاسکے۔ دلیر، جاندار رشبھ پنت 2.0 جلد ہی ایکشن میں نظر آئیں گے۔
ڈیوڈ وارنر، اکشر پٹیل، رکی پانٹنگ اور سورو گنگولی نے دہلی کیپٹلز کے ذریعے شیئر کی گئی ویڈیو میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اکشر پٹیل نے ویڈیو میں کہاکہ صبح سات یا آٹھ بجے پرتیما دیدی نے مجھے فون کیا۔ اس نے مجھ سے پوچھا کہ تم نے آخری بار رشبھ سے کب بات کی تھی۔
میں نے کہا کہ میں اسے فون کروں گا، لیکن نہیں کیا۔ اس نے مجھ سے کہا کہ اگر تمہارے پاس رشبھ کی ماں کا فون نمبر ہے تو بھیج دو۔ پہلے میں نے سوچا کہ یہ بھائی چلا گیاہے۔ بی سی سی آئی اور شاردول سمیت سبھی نے مجھے بلایا۔ سب جانتے تھے کہ پنت نے آخری بار مجھ سے بات کی ہوگی۔ میں نے پنت سے بات کی۔
جب میں نے فون کیا تو مجھے معلوم ہوا کہ سب کچھ ٹھیک ہے۔ اسے چوٹیں آئی ہیں۔ اس کے بعد میری زندگی واپس آگئی۔ مجھے معلوم تھا کہ وہ اب لڑے گا۔ پنت 30 دسمبر 2022 کو کار سے اپنے گھر جارہے تھے اور حادثے کے وقت اکیلے تھے۔ ان کی مرسڈیز کار بے قابو ہوکر روڑکی کے نرسان بارڈر پر حماد پور جھال کے قریب ریلنگ سے ٹکراگئی۔ اس کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی اور الٹ گئی۔
گاڑی چلاتے ہوئے پنت کو نیند آگئی تھی۔ اس کے بعد وہ کار پر سے کنٹرول کھو بیٹھے۔ پنت کے سر، کمر اور ٹانگ پر چوٹیں آئی تھیں۔ گاڑی تیز رفتاری سے پہلے ڈیوائیڈر سے ٹکرائی اور پھر لوہے کی مضبوط بیریکیڈنگ سے ٹکراگئی۔
تصادم اتنا شدید تھاکہ گاڑی غلط سائیڈ پر جا پہنچی۔ گاڑی سڑک پر گھسیٹتی ہوئی تقریباً 200 میٹر کے فاصلے پر رک گئی۔ اس کے بعد کار میں بری طرح سے آگ لگ گئی۔ آگ لگنے سے پہلے پنت خود کار کا شیشہ توڑکر باہر نکل آئے۔ یہ خوش قسمتی تھی کہ اس کی جان بچ گئی اور وہ اپنے حواس کو استعمال کرتے ہوئے باہر نکل آیا۔