[]
حیدرآباد: چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ راہول گاندھی کی قیادت میں ”منی پور تا ممبئی“ بھارت نیائے یاترا کے بعد لال قلعہ پر کانگریس کا جھنڈا لہرائے گا اور نریندر مودی اسے روک نہیں پائیں گے۔
کیونکہ نریندر مودی کی دوا کا اثر اب ختم ہوچکا ہے‘ مستقبل میں مودی کی دوا کام نہیں کرے گی۔ بی جے پی بار بار کہتی ہے کہ یہ ڈبل انجن والی حکومت ہے۔ ڈبل انجن حکومت کا مطلب ”اڈانی اور وزیراعظم مودی ہے“ سے راہول گاندھی کے لوک سبھا میں آواز اٹھانے کے بعد اڈانی کا انجن خراب ہوگیا اور وہ شیڈ میں چلا گیا۔
اب بھارت نیائے یاترا کے ساتھ وزیراعظم مودی کا انجن رک جانا یقینی ہے اور انہیں شیڈ میں بھیجا جانا یقینی ہے۔ اس کے لئے کانگریس کارکنوں کو آئندہ 100 دن سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ ریونت ریڈی آج ناگپور میں انڈین نیشنل کانگریس کی 139 یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ بڑے جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی جو 56 انچ کا سینہ رکھنے کا دعویٰ کرتے ہیں‘ پارلیمنٹ میں نامعلوم شخص داخل ہوگیا تو وہ اس کو روک نہیں سکے۔ اب وہ ملک بھر میں کانگریس کو اقتدار پر آنے سے بھی نہیں روک سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی کشمیر تا کنیا کماری بھارت جوڑو یاترا جس میں راہول گاندھی نے 150 دن میں 4 ہزار کیلو میٹر کا فاصلہ طئے کیا تھا۔ اس کے بعد کرناٹک میں کانگریس پارٹی برسر اقتدار آئی۔
کرناٹک کے بعد بھارت جوڑو یاترا تلنگانہ میں داخل ہوئی تھی جس کے بعد تلنگانہ میں کانگریس برسر اقتدار آئی۔ تلنگانہ کے بعد بھارت جوڑو یاترا مہاراشٹرا میں داخل ہوئی تھی‘ اس بار مہاراشٹرا میں بھی کانگریس اقتدار میں آئے گی۔ اب راہول گاندھی منی پور سے مہاراشٹرا تک بھارت نیائے یاترا شروع کررہے ہیں۔
اس بار لال قلعہ پر کانگریس پرچم لہرائے گا۔ کیونکہ ہر ایک دوائی کی ایک مدت ہوتی ہے۔ چنانچہ نریندر مودی کی دوا کی مدت ختم ہوچکی ہے۔ ریونت ریڈی نے پارٹی کارکنوں کو یہ پیغام دیا کہ ملک میں کانگریس کو اقتدار میں لائیں اور دیش کو بچائیں۔ اس تقریب میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکہ‘ ریاستی وزراء‘ سینئر قائدین اور کانگریس کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔