[]
Photo credit to timesnow
حیدرآباد _ 29 دسمبر ( اردولیکس ڈیسک)کینیڈا میں ہندو تاجر کے گھر پر نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کردی۔ فائرنگ کا یہ واقعہ برٹش کولمبیا صوبے کے سورے میں گزشتہ صبح آٹھ بجے کے قریب پیش آیا۔
سورے رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس کے مطابق غنڈوں نے سورے میں لکشمی نارائن مندر کے صدر ستیش کمار کے بڑے بیٹے کو نشانہ بنایا اور ان کے گھر پر فائرنگ کی۔ گھر پر تقریباً 14 راؤنڈ فائر کیے گئے۔ تاہم اس واقعہ میں خوش قسمتی سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔ پولیس نے بتایا کہ مکان کو بری طرح نقصان پہنچا ہے۔ اطلاع ملنے پر سورے پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔
حالیہ دنوں میں کینیڈا میں ہندو برادریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ کئی علاقوں میں ہندو مندروں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ کئی مقامات پر مندروں کی تباہی جیسے واقعات پہلے بھی سامنے آ چکے ہیں۔ ان حملوں کے پیچھے خالصتانی دہشت گرد گروپوں کا ہاتھ بتایا جاتا ہے۔ ان واقعات سے علاقے میں رہنے والے ہندو شدید خوف میں مبتلا ہیں۔