[]
گزشتہ سال قطر میں گرفتار ہندوستانی بحریہ کے 8 سابق افسران کو قطری عدالت نے موت کی سزا سنائی تھی۔ عدالت کے اس فیصلے پر حکومت ہند نے حیرت کا اظہار کیا تھا
نئی دہلی: گرفتار ہندوستانی بحریہ کے جن 8 سابق افسران کو قطری عدالت نے موت کی سزا سنائی تھی، ان کی سزا معطل کر دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ ہندوستانی بحریہ کے یہ تمام آٹھ سابق افسران گزشتہ سال اگست سے قطر کی جیل میں ہیں۔ قطر نے ابھی تک ان تمام سابق افسران پر لگائے گئے الزامات کے بارے میں معلومات نہیں دی ہیں۔ تاہم اس کیس سے واقف لوگوں کا کہنا ہے کہ ان تمام افراد پر جاسوسی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ’’ہم نے الدہرا گلوبل کیس میں گرفتار نیوی کے سابق افسران کے حوالے سے آج کے فیصلے کا نوٹس لیا ہے، جس میں سزائیں کم کر دی گئی ہیں۔ قطر کی اپیل کورٹ کے تفصیلی فیصلہ کا انتظار ہے۔ ہم قانونی ٹیم کے علاوہ خاندان کے افراد سے بھی رابطے میں ہیں تاکہ یہ فیصلہ کیا جا سکے کہ ہمارا اگلا قدم کیا ہوگا۔‘‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’’آج قطری کورٹ آف اپیل میں ہمارے سفیر اور دیگر حکام سزا یافتہ افسران کے اہل خانہ کے ہمراہ تھے۔ ہم مقدمے کے آغاز سے ہی ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم تمام قونصلر اور قانونی امداد فراہم کرنا جاری رکھیں گے۔ ہم اس معاملے کو قطری حکام کے ساتھ بھی اٹھاتے رہیں گے۔ معاملے کی سنگینی اور ضروری رازداری کے پیش نظر، اس وقت مزید تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہوگا۔‘‘
خیال رہے کہ سزا پانے والے ہندوستانی بحریہ کے 8 سابق اہلکار قطر کی ایک نجی کمپنی کے لیے کام کر رہے تھے۔ یہ تمام افراد قطر کی ایک نجی کمپنی میں کام کر رہے تھے۔ یہ کمپنی قطری امیری بحریہ کو تربیت اور دیگر خدمات فراہم کرتی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کمپنی کا نام الدہرا گلوبل اند کنسلٹنسی سروسز ہے۔ کمپنی خود کو قطر کے دفاع، سیکورٹی اور دیگر سرکاری اداروں کا مقامی پارٹنر بتاتی ہے۔
قطر پولیس کے ہاتھوں گرفتار کیے گئے تمام افراد ایک نجی کمپنی میں کام کر رہے تھے۔ صدر ایوارڈ یافتہ کمانڈر پرنندو تیواری (ر) بھی بحریہ کے گرفتار شدہ 8 سابق افسران میں شامل ہیں۔ 2019 میں، انہیں اس وقت کے صدر رام ناتھ کووند نے پرواسی بھارتیہ ایوارڈ سے نوازا تھا۔ کمپنی کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق پورنندو تیواری ہندوستانی بحریہ میں کئی بڑے جہازوں کی کمان سنبھال چکے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
;