تلنگانہ آرٹی سی بسوں میں مرد مسافرین کیلئے 20فیصد سیٹیں محفوظ کرنے حکومت کاغور

[]

حیدرآباد: تلنگانہ کی آرٹی سی بسوں میں خاتون مسافرین کو مفت سفر کی سہولت کے آغازکے بعد مرد مسافرین کو بس کی سیٹوں کے لئے ہورہی مشکلات کے پیش نظر ریاستی حکومت ہر بس میں مردمسافرین کے لیے 20 سیٹیں محفوظ کرنے کا منصوبہ تیارکررہی ہے۔

علاوہ ازیں نئی بسیں دستیاب کر کے مرد مسافروں کو ہونے والی تکلیف کو دورکرنے کے بارے میں بھی غور کیاجارہا ہے۔

خواتین کو بسوں میں مفت سفر کی سہولت کے بعد سے مرد مسافرین کا کہنا ہے کہ ان کو بسوں میں نشستیں دستیاب نہیں ہورہی ہیں۔

خواتین کے لئے اس نئی سہولت کے آغاز کے بعد سے بسوں میں سفر کرنے والی خواتین اورطالبات کی تعداد میں اضافہ درج کیاگیا ہے۔

کئی مرد مسافرین نے شکایت کرتے ہوئے کہاکہ ٹکٹ خریدنے کے باوجود بسوں میں سیٹ نہ مل پانے کی وجہ سے وہ ٹہر کر یا پھر فٹ بورڈنگ کرتے ہوئے بسوں میں سفر کے لئے مجبور ہیں۔

ہر بس میں 20نشستوں کو مرد مسافرین کے لئے محفوظ کرنے کے لئے ہر ڈپومنیجر سے بات کرتے ہوئے ان سے اس سلسلہ میں رائے حاصل کی جارہی ہے۔ضرورت پڑنے پر مردوں، معذورین کو نشستیں محفوظ کرنے کے بارے میں سنجیدگی سے غور کیاجارہا ہے۔

ساتھ ہی بسوں میں سفرکرنے والے مسافرین کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر نئی بسوں کے حصول پر بھی غور کیاجارہا ہے۔مرحلہ وار طور پر350کرایہ کی بسیں حاصل کرنے کے لئے اعلامیہ جاری کیاگیا ہے۔

توقع کی جارہی ہے کہ تین تاچارماہ کے دوران ان بسوں کوحاصل کرلیاجائے گا۔حکومت اس بات پر بھی غور کررہی ہے کہ آیا مردوں کو آرٹی سی بسوں میں سیٹس محفوظ کرنے پر کوئی مخالفت تو نہیں ہوگی؟



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *