اسرائیلی بمباری کی وجہ سےغزہ پٹی کو امداد فراہم کرنے کا کام بےحد مشکل ہو گیا ہے:اقوام متحدہ

[]

غزہ: غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اضافے کے ساتھ ہی اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ پٹی میں اسرائیلی بمباری اور جھڑپوں کی وجہ سے پٹی کو امداد فراہم کرنے کا کام مشکل ہو گیا ہے۔

اقوام متحدہ کے خبررساں دفتر نے اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے امداد (اوسی ایچ اے) کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ کی پٹی کے بیشتر علاقوں بالخصوص وسطی علاقے میں 23 سے 26 دسمبر تک فضائی، زمینی اور سمندری راستے سے ہولناک بمباری کی ہے۔

العربیہ کے مطابق امدادی رابطہ دفتر نے مزید کہا کہ بمباری میں 24 اور 25 دسمبر کو تین پناہ گزین کیمپوں البریج، النصیرات اور المغازی پر 50 سے زیادہ حملے کئے گئے اور درجنوں فلسطینیوں کو مار دیا گیا ہے۔ اسرائیل کی ان کارروائیوں نے امدادی ٹیموں کے کام میں رکاوٹ ڈالی۔ ان کیمپوں کو جوڑنے والی سڑکیں بھی تباہ ہوگئی ہیں۔

ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزینوں (یواین آرڈبلیو اے) کے ڈائریکٹر تھامس وائٹ نے کہا کہ جنوبی غزہ کی پٹی میں رفح اب اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں مکمل تباہ ہونے لگا ہے۔

فرانس نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ تک انسانی امداد کی مکمل اور بلا روک ٹوک ترسیل میں سہولت فراہم کرے۔ اس نے غزہ میں فوری جنگ بندی کے مطالبے کو دہرایا۔

یاد رہے غزہ میں فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 21110 ہوگئی ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *