جنوری سے کانگریس کی منی پور تا ممبئی، بھارت نیائے یاترا

[]

نئی دہلی: کانگریس نے چہارشنبہ کے دن اعلان کیا کہ وہ راہول گاندھی کی قیادت میں منی پور تا ممبئی ”بھارت نیائے یاترا“ نکالے گی جو 67 دنوں میں مشرقی ہند تا مغربی ہند 14 ریاستوں اور 85 اضلاع سے گزرے گی۔

یاترا 14 جنوری سے شروع ہوگی۔ اسے 2024 کے فیصلہ کن لوک سبھا الیکشن سے قبل پارٹی کے لئے عوام کی تائید حاصل کرنے کی کوشش کے طورپر دیکھا جارہا ہے۔ تقریباً 6200 کیلو میٹر طویل یہ یاترا 20 مارچ کو ختم ہوگی۔ اس یاترا کے دوران بیشتر سفر بسوں میں ہوگا۔ پیدل بھی چلا جائے گا۔

سابق صدر کانگریس راہول گاندھی کی کنیاکماری تا کشمیر بھارت جوڑو پدیاترا کے لگ بھگ ایک سال بعد یہ یاترا شروع ہونے والی ہے۔ راہول گاندھی نے اُس وقت 136 دن میں 4 ہزار کیلو میٹر کی مسافت طئے کی تھی۔ بھارت جوڑو یاترا میں راہول گاندھی نے معاشی نابرابری‘ مذہبی بنیادوں پر صف بندی اور آمریت کے مسائل اٹھائے تھے۔

نیائے یاترا ملک کے عوام کے لئے سماجی‘ معاشی اور سیاسی انصاف پر توجہ دے گی۔ کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے پریس کانفرنس میں یہ بات بتائی۔ 14 جنوری کو کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے اِمپھال میں نیائے یاترا کو جھنڈی دکھائیں گے جو ناگالینڈ‘ آسام‘ میگھالیہ‘ مغربی بنگال‘ بہار‘ جھارکھنڈ‘ اوڈیشہ‘ چھتیس گڑھ‘ اترپردیش‘ مدھیہ پردیش‘ راجستھان‘ گجرات اور مہاراشٹرا سے گزرے گی۔ اس یاترا کو آنے والے لوک سبھا الیکشن کے مدنظر سیاسی لحاظ سے اہم یاترا کے طورپر دیکھا جارہا ہے۔

لوک سبھا الیکشن اپریل۔ مئی میں ہونے کا امکان ہے۔ ممکن ہے کہ یاترا کے آخری مرحلہ میں انتخابات کا اعلان ہوجائے۔ 7 ستمبر 2022 کو شروع ہونے والی بھارت جوڑو یاترا نے کانگریس کو ہماچل پردیش‘ کرناٹک اور تلنگانہ کے اسمبلی الیکشن میں جیت دلائی تھی۔

اس یاترا نے پارٹی کیڈر میں جوش بھردیا تھااور پارٹی میں نئی جان ڈال کر اسے عوام سے جوڑدیا تھا۔ جئے رام رمیش نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کے بعد کانگریس راہول گاندھی جی کی قیادت میں بھارت نیائے یاترا نکالے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کانگریس اپنے یوم ِ تاسیس پر 28 دسمبر کو میگا ریالی نکالنے والی ہے۔

ہم تیار ہیں نامی یہ ریالی کانگریس کے لئے 2024کے لوک سبھا الیکشن کا بگل بجادے گی۔ کانگریس جنرل سکریٹری تنظیمی امور کے سی وینوگوپال نے کہا کہ نیائے یاترا کے دوران عورتوں‘ نوجوانوں اور درکنار برادریوں سے بات چیت کی جائے گی۔ یہ یاترا کم وقت میں بھارت جوڑو یاترا سے زیادہ فاصلہ طئے کرے گی۔

نیائے یاترا ہائبرڈ ہوگی یعنی اس کے دوران پیدل بھی چلاجائے گا اور بسوں سے بھی سفر ہوگا۔ یہ پوچھنے پر کہ منی پور سے یاترا کی شروعات میں کیا منطق ہے‘ وینوگوپال نے کہا کہ منی پور ملک کا اہم حصہ ہے اور پارٹی چاہتی ہے کہ شمال مشرق ریاست کے عوام کے زخم مندمل کرتے ہوئے یاترا شروع کی جائے۔

منی پور میں 3 مئی کو پھوٹ پڑنے والے تشدد میں 200 سے زائد جانیں جاچکی ہیں اور لگ بھگ 60 ہزار افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ وہاں کوکی اور میتی برادریوں میں نسلی ٹکراؤ ہوا تھا۔ جئے رام رمیش نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کے ذریعہ اتحاد‘ محبت اور ہم آہنگی کا پیام عام کرنے کے بعد راہول گاندھی اِس بار ملک کے عوام کے لئے انصاف چاہیں گے۔

اس سوال پر کہ آیا انڈیا اتحاد میں شامل جماعتیں بھی یاترا میں حصہ لیں گی‘ وینوگوپال نے کہا کہ تفصیلات کو قطعیت دی جارہی ہے۔

جئے رام رمیش نے نشاندہی کی کہ بھارت جوڑو یاترا میں مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے حصہ لیا تھا۔ بھارت جوڑو یاترا نے 12 ریاستوں اور 2 مرکزی زیرانتظام علاقوں میں 75 اضلاع اور 76 لوک سبھا حلقوں کا احاطہ کیا تھا۔ اس یاترا کے دوران راہول گاندھی نے 12 جلسہ عام‘ 100 نکڑ میٹنگس اور 13 پریس کانفرنسوں سے خطاب کیا تھا۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *