[]
حیدرآباد: تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں کامیابی کے بعد کانگریس پُرجوش ہوگئی ہے جو اس کے تئیں عوام کی حمایت کو دیکھتے ہوئے آئندہ تین تا چارماہ میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔
لوک سبھا نتخابات میں مقابلہ کرنے والے امیدواروں کے مسئلہ پر سنجیدگی سے غور کیاجارہا ہے۔ دوسری طرف کانگریس کی سابق سربراہ سونیا گاندھی کو اس مرتبہ تلنگانہ سے انتخابات میں حصہ لینے کے لئے راغب کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
اگر سونیا گاندھی اپنی ساس اندراگاندھی کی طرح اس تلگوریاست سے انتخابات میں حصہ لیتی ہیں تو کس حلقہ سے وہ امیدوار ہوں گی، اس پر بھی تجسس پایاجاتا ہے۔ریاست کی حکمران جماعت لوک سبھا انتخابات سے پہلے ان 6ضمانتوں پر کامیابی سے عمل کیلئے اقدامات کررہی ہے جس کا وعدہ عوام سے تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے دوران کیاگیا تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ کے کانگریس لیڈران سونیا گاندھی کو حلقہ ملکاجگری سے مقابلہ کی ترغیب دینا چاہتے ہیں۔تلنگانہ کے وزیراعلی ریونت ریڈی، نے حلقہ ملکاجگری سے گذشتہ لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ کیا تھا اورجیت حاصل کی تھی۔
اسی لئے اس حلقہ سے مقابلہ کیلئے سونیاگاندھی کو امیدوار بنائے جانے کے لئے انہیں ترغیب دینے کی کوششیں کی جائیں گی۔تلنگانہ میں لوک سبھا کی 17نشستیں ہیں۔دوسری طرف اس بات کی بھی اطلاعات ہیں کہ آندھراپردیش کے سابق وزیراعلی این چندرابابونائیڈو کی زیرقیادت تلگودیشم پارٹی کو انڈیا اتحاد میں شامل کرنے پر بھی غور کیاجارہا ہے۔
اے آئی سی سی کا ایک اہم اجلاس 27 دسمبر کو ہو گاجس میں ملکارجن کھرگے، کے سی وینوگوپال، راہل گاندھی اور دیگر لیڈران شرکت کریں گے۔ اس موقع پر اے پی اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات کی حکمت عملی پر بات چیت ہونے کا امکان ہے۔