’انڈیا بلاک میں کسی بھی عہدہ کا طلب گار نہیں‘

[]

پٹنہ: چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے پیر کے دن پھر کہا کہ وہ انڈیا بلاک میں کوئی عہدہ نہیں چاہتے۔ ان کی صرف اتنی خواہش ہے کہ ہر ریاست میں نشستوں کی تقسیم کا فارمولہ جلد سے جلد قطعیت پاجائے۔

انہوں نے کہا ”میں کوئی عہدہ نہیں چاہتا۔ دیگر جماعتوں کے قائدین میرے بارے میں بیانات دیتے رہتے ہیں لیکن میرا شروع سے یہی کہنا ہے کہ مجھے کسی بھی عہدہ کی خواہش نہیں۔ میں صرف اتنا چاہتا ہوں کہ تمام ریاستوں میں نشستوں کی تقسیم کا فارمولہ جلد سے جلد قطعیت پاجائے۔

چیف منسٹر بہار نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ دہلی میں انڈیا بلاک کی میٹنگ میں ہم نے فیصلہ کیا کہ لوک سبھا الیکشن متحدہ لڑا جائے۔ پی ٹی آئی کے بموجب چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے پیر کے دن ان قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا کہ دہلی میں گزشتہ ہفتہ انڈیا بلاک کی میٹنگ میں انہیں نظرانداز کردیا گیا۔

میٹنگ میں کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے کو انڈیا بلاک کا امیدوار ِ وزارت ِ عظمیٰ بنانا تجویز کیا گیا تھا۔ جنتادل یو قائد نے کہا کہ بی جے پی مخالف جماعتوں کو یکجا کرنے کی پہل انہوں نے ہی کی تھی۔ وہ اپنے لئے کچھ بھی نہیں چاہتے۔ انہوں نے مانا کہ انہوں نے نشستوں کی تقسیم کا عمل تیز کردینے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ اٹل بہاری واجپائی میموریل میں جہاں وہ سابق وزیراعظم کو خراج عقیدت ادا کرنے کے لئے آئے ہوئے تھے‘ میڈیا کے سوالوں کے جواب میں نتیش بابو نے کہا کہ کوئی مایوسی نہیں‘ کوئی ناراضگی نہیں۔ میٹنگ میں امیدوار ِ وزارت ِ عظمیٰ کا مسئلہ اٹھا تھا۔

میں نے شروع میں ہی واضح کردیا تھا کہ مجھے کوئی دلچسپی نہیں۔ اس کے بعد دوسرا نام تجویز ہوا‘ میں نے کہا ٹھیک ہے۔ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے میں نتیش کمار کے مخالفین نے دعویٰ کردیا کہ عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے نتیش کمار کے وزیراعظم بننے کے مبینہ عزائم پر پانی پھیر دیا۔

غور طلب ہے کہ میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب میں ملیکارجن کھرگے نے کہہ دیا تھا کہ وزارت ِ عظمیٰ کی بات پرے رکھتے ہیں۔

پہلے الیکشن جیتنے کی فکر کرتے ہیں۔ نتیش کمار نے اپنے نائب تیجسوی یادو اور 2 سینئر کابینی رفقاء کی موجودگی میں میڈیا سے کہا کہ ہاں میں نے نشستوں کی تقسیم کو جلد سے جلد قطعیت دینے پر زور دیا تھا۔ آر جے ڈی قائد تیجسوی یادو نے نشستوں کی تقسیم کے تعلق سے کہا کہ ”صحیح سمئے (وقت) پر ہوجائے گا“۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *