[]
ملبورن: پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کی سرزمین پر تین میچوں کی ٹسٹ سیریز کھیل رہی ہے۔ ادھر پاکستانی ٹیم کیلئے بری خبر سامنے آگئی ہے۔ لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ اپینڈیسائٹس میں مبتلا ہونے کے بعد اسپنر بقیہ دو میچوں میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔
ایسے میں پاکستان کے بولنگ ڈپارٹمنٹ کیلئے مسائل بڑھتے نظر آرہے ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی سیریز میں پہلے ہی تنہا قیادت کر رہے ہیں۔ اسپنر کو اچانک پیٹ میں شدید درد ہونے لگا جس کے بعد انہیں اسپتال لے جایا گیا جہاں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ وہ اپینڈیسائٹس میں مبتلا ہیں۔
ایسے میں ہفتے کو بولر کی سرجری کی گئی۔ سرجری کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بولر کے حوالے سے بیان جاری کیا جس میں کہاگیا کہ سرجری کے بعد نعمان علی کی حالت نارمل ہے اور وہ صحت یابی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
انہیں ہفتہ کی سہ پہر ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔ نعمان کی حالت نے پاکستان کے بولنگ ڈپارٹمنٹ کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ دراصل ٹیم کے زیادہ تر گیند باز چوٹ کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہیں اور کچھ بحالی سے گزر رہے ہیں۔ اس سے قبل نسیم شاہ، حارث رؤف، شاداب خان اور ابرار احمد بھی ٹیم سے باہر ہوگئے۔
اس کے بعد خرم شہزاد بھی پہلے ٹسٹ کے دوران انجری کے باعث سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ آسٹریلیا نے پہلے ٹسٹ میں پاکستان کو بری طرح شکست دی تھی۔ پاکستان ٹیم کے ڈائرکٹر محمد حفیظ نے کہاکہ ان کی ٹیم سیریز میں اننگز کا رخ بدلنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔