[]
لوک سبھا اور راجیہ سبھا سے 14 دسمبر سے 21 دسمبر تک کل 146 ارکان پارلیمنٹ کو معطل کیا گیا تھا۔ معطلی پر اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر شدید احتجاج کیا
نئی دہلی: انڈیا اتحاد آج 146 اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ کی معطلی کے معاملے پر ملک بھر میں احتجاج کے لیے سڑکوں پر اترے گا۔ انڈیا کی اتحادی جماعتوں کے رہنما اور کارکن ملک بھر کے ضلعی ہیڈکوارٹرز پر احتجاج کریں گے۔ دہلی کے جنتر ماتر پر بھی آج ایک مظاہرہ ہوگا، جس میں راہل گاندھی اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے سمیت انڈیا اتحاد کے لیڈران شرکت کریں گے۔
خیال رہے کہ 13 دسمبر کو پارلیمنٹ حملے کی 22 ویں برسی پر دو نوجوان لوک سبھا کی سامعین گیلری سے ایوان میں داخل ہوئے تھے۔ جس وقت دونوں نوجوان ایوان میں کود پڑے اور ہنگامہ آرائی کی اس وقت ایوان کی کارروائی جاری تھی۔ ایوان میں چھلانگ لگانے کے بعد خوف کا ماحول پیدا ہو گیا۔ ارکان پارلیمنٹ نے دونوں نوجوانوں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
انڈیا اتحاد کی طرف سے پارلیمنٹ کی سیکورٹی میں کوتاہی کا معاملہ نمایاں طور پر اٹھایا گیا۔ اپوزیشن پارٹیوں کا مطالبہ تھا کہ وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ ایوان میں آئیں اور پارلیمنٹ کی سیکورٹی میں لاپروائی کے معاملے پر بیان دیں لیکن وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ شاہ نے ایوان میں آ کر اس مسئلہ پر کوئی بیان نہیں دیا۔ اس دوران اپوزیشن ارکان نے ایوان میں ہنگامہ آرائی کی اور نعرے بازی کی۔
یاد رہے کہ 14 دسمبر سے 21 دسمبر تک لوک سبھا اور راجیہ سبھا سے کل 146 ارکان پارلیمنٹ کو معطل کیا گیا تھا۔ معطلی پر اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر شدید احتجاج کیا۔ اس معاملے پر انڈیا اتحاد کے اراکین پارلیمنٹ نے جمعرات کو وجے چوک سے پارلیمنٹ ہاؤس تک مارچ بھی نکالا تھا۔ اس معاملے پر انڈیا اتحاد کے اراکین پارلیمنٹ نے 22 دسمبر یعنی آج ملک بھر میں احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
;