3 ریاستوں میں کووِڈ کی ذیلی شکل کے 21 کیسس، معائنے بڑھانا ضروری: وی کے پال

[]

نئی دہلی: ملک میں کووِڈ 19 کی ذیلی شکل جے این 1 کے تاحال 21 کیسس کا پتہ چلا ہے۔ نیتی آیوگ کے رکن (صحت) ڈاکٹر وی کے پال نے چہارشنبہ کے دن یہ بات بتائی لیکن انہوں نے زور دے کر کہا کہ گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں سائنٹفک برادری نئی شکل کی اچھی طرح تحقیقات کررہی ہے۔

 انہوں نے زور دے کر کہا کہ ریاستوں کو ٹسٹنگ (معائنے) بڑھانے اور نگراں سسٹم کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر پال نے نشاندہی کی کہ متاثرین میں 91 تا 92 فیصد گھر میں علاج کرارہے ہیں۔

سرکاری ذرائع کے بموجب کووِڈ 19 کی ذیلی شکل کے 19 کیسس کا گوا میں پتہ چلا جبکہ کیرالا اور مہاراشٹرا میں فی کس ایک کیس پایا گیا۔ گزشتہ 2 ہفتوں میں کووِڈ 19 سے جڑی 16  اموات درج ہوئیں۔ مرنے والوں کو پہلے سے جان لیوا بیماریاں لاحق تھیں۔

مرکز نے ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں سے کہا ہے کہ وہ کڑی نظر رکھیں کیونکہ ملک میں کووِڈ 19 کی نئی شکل کا پتہ چلا ہے اور کیسس بڑھتے جارہے ہیں۔ وزیر صحت من سکھ منڈاویہ نے چہارشنبہ کے دن ملک بھر میں علاج معالجہ کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ کورونا وائرس کی نئی شکل سے چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔ مرکزی معتمد صحت سدھانش پنت نے کہا کہ کیسس بڑھ رہے ہیں لیکن 92.8 فیصد کیسس ہوم آئسولیشن میں ہیں یعنی یہ مریض زیادہ بیمار نہیں ہیں۔

دواخانوں میں شریک ہونے کی شرح نہیں بڑھی ہے۔ دواخانوں میں جو لوگ شریک ہوئے ہیں وہ کوئی اور علاج کرانے آئے تھے جہاں معائنوں کے دوران ان میں کووِڈ پایا گیا۔ کیرالا‘ مہاراشٹرا‘ جھارکھنڈ اور کرناٹک جیسی ریاستوں میں کووِڈ کیسس کی روزانہ شرح میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

 پنت نے کہا کہ کووِڈ کی نئی شکل پر نظر رکھی جارہی ہے لیکن فوری پریشانی کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ ہندوستان میں ایک دن میں 614 نئے کورونا وائرس انفیکشن ریکارڈ ہوئے۔

21 مئی سے دیکھا جائے تو یہ سب سے بڑی تعداد ہے جبکہ ایکٹیو کیسس یعنی زیرعلاج مریضوں کی تعداد بڑھ کر 2311 ہوگئی۔ جے این 1 کیسس مختلف ممالک میں رپورٹ ہورہے ہیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *