[]
غزہ: فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے میدان جنگ میں کارروائی کے دوران اسرائیلی فوجی ٹینک کو تباہ کرنے کی نئی ویڈیو جاری کی ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا، جبکہ اسرائیلی فوج کی جانب سے عام شہریوں اور طبی مراکز کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔
ایسی صورتحال میں فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کی جانب سے اسرائیلی فوج کو سخت مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔
القسام بریگیڈز کی جانب سے نئی جاری کی جانے والی ویڈیو میں کئی اسرائیلی ٹینکوں اور گاڑیوں کو انتہائی قریب سے نشانہ بناکر کر نیست و نابود کرتے دکھایا گیا ہے۔
حماس میڈیاکا اس حوالے سے کہنا ہے کہ غزہ میں ٹینک کے پیچھے چھپے کئی اسرائیلی فوجی راکٹوں کا نشانہ بنے جبکہ عمارتوں میں بھی چھپے اسرائیلی فوجیوں کو حماس کے اسنائپر نے نشانہ بنایا۔ اس سے قبل حماس نے اسرائیلی اسیران کی ویڈیو جاری کی تھی جس میں وہ اپنی رہائی کے لیے اسرائیلی حکومت سے التجا کر رہے ہیں۔
حماس کے مسلح ونگ کی جانب سے ٹیلی گرام پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں، 79 سالہ ہائیم بیری کا کہنا ہے کہ بزرگ اسیران کو دائمی بیماریاں ہیں اور وہ ”انتہائی سخت حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔
بیری نے مزید کہا کہ اسیران ”اسرائیلی فضائی حملوں کے براہ راست نتیجے میں ”ہلاک نہیں ہونا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سمجھ نہیں آ رہی کہ ہمیں یہاں کیوں چھوڑ دیا گیا ہے آپ کو ہمیں رہا کرنا ہوگا۔۔اس کی قیمت سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔