[]
مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، برطانوی جریدے گارڈین نے کہا ہے کہ بحیرہ احمر میں یمنی فوج کے مسلسلے حملوں کے بعد امریکہ نے فوجی اتحاد تشکیل دینے کا ارادہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اعلی امریکی حکام جلد خطے کا دورہ کریں گے اس موقع پر عرب ممالک کو بھی شامل کرکے فوجی اتحاد کی تشکیل کا اعلان متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکی وزیردفاع لوئڈ آسٹن جلد مشرق وسطی کے دورے پر روانہ ہوں گے اور کثیر ملکی فوجی اتحاد کا اعلان کریں گے۔
فوجی اتحاد کو مزید موثر بنانے کے لئے چین کو بھی اتحاد میں شامل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
امریکہ نے یمنی فوج کی جانب سے اسرائیلی کشتیوں پر حملوں کے بعد طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس آئزن ہاور کو خطے میں تعیینات کردیا تھا۔
اس سے پہلے خبری ویب سائٹ نے دعوی کیا تھا کہ جوبائیڈن حکومت بحیرہ احمر میں حملوں کے جواب میں یمنی فوجی تنصیبات پر براہ راست حملے کے بارے میں غور کررہی ہے۔