[]
حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع عادل آباد میں درجہ حرارت میں حالیہ دنوں کے دوران گراوٹ درج کی گئی ہے۔ گزشتہ چار دنوں کے دوران اقل ترین درجہ حرارت میں گراوٹ ہوئی ہے۔
ضلع میں اقل ترین درجہ حرارت14ڈگری سلسیس درج کیا گیا۔ ضلع کے بیشتر مقامات پر صبح میں کہر کی گھنی چادر دیکھی جارہی ہے۔ قومی شاہراہ پر کہر کے سبب گاڑی سواروں کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
گاڑی سوار ہیڈلائٹس کھولتے ہوئے گاڑی چلانے پر مجبور ہیں۔ کئی مقامات پر اقل ترین درجہ حرارت10.5ڈگری سلسیس بھی درج کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق شمالی ہند سے آنے والی سرد ہواوں کے نتیجہ میں اس ضلع میں درجہ حرارت میں گراوٹ ہوئی ہے جس سے چھوٹے بچے اور ضعیف افراد زیادہ متاثر ہیں۔ کئی افراد صبح 10بجے تک بھی گھروں سے نکلنے سے گریز کررہے ہیں۔
صبح کی چہل قدمی کرنے جانے والے افراد کے ساتھ ساتھ زرعی سرگرمیوں کے لئے جانے والے افراد بھی تاخیر سے گھروں سے نکل رہے ہیں۔ شام 5بجتے ہی سردی کی لہر میں اضافہ ہورہا ہے۔
کئی افراد سردی سے بچنے کے لئے مختلف تدابیر اختیار کررہے ہیں اور آگ بھی تاپ رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بیشتر مقامات پر گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران درجہ حرارت گرکر 12ڈگری سلسیس ہوگیا ہے۔