[]
حیدرآباد _ 17 جولائی ( اردولیکس ڈیسک) برطانیہ کی پہلی انٹرنیشنل باحجاب کرکٹر ابتہا مقصود نے بی بی سی کے بچوں کے شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے حجاب پہن کر اسلامی روایات کے متعلق کتاب پڑھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 24 برس کی ابتہا مقصود انگلینڈ کے ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنمنٹ دی ہنڈرڈ کی ٹیم برمنگھم فینکس کی جانب سے کھیلتی ہیں اور وہ برطانیہ کی پہلی کھلاڑی ہیں جو اپنے ملک اسکاٹ لینڈ کیلئے حجاب پہن کر انٹرنیشنل کرکٹ کھیلتی ہیں۔
انہوں نے ساؤتھ ایشین ہیریٹیج کے مہینے کے آغاز سے قبل جمعے کو سی بِی بِیز بیڈ ٹائم اسٹوریز کے نام سے شو میں فرحانہ اسلام اور نبیلہ ادانی کی کتاب ناٹ ناؤ نور پڑھی۔ یہ نور نامی ایک لڑکی کی کہانی ہے جو اِس بات پر حیرانی کا شکار رہتی ہے کہ اُس کی گھر کی خواتین حجاب کیوں پہنتی ہیں۔ ابتہا مقصود کہتی ہیں کہ اس سے پتا چلتا ہے کہ مسلمان خواتین کیلئے حجاب اتنا اہم کیوں ہے۔ وہ مزید کہتی ہیں کہ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ آپ باحیا ہیں اور اس سے آپ کی بطور مسلمان واضح شناخت ہوتی ہے۔
جب دی مِرر نے 25 برس کی اسٹار کرکٹر سے اس کہانی کے انتخاب کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ یہ بچوں کو جواب دینے کیلئے بہت ہی اچھی کتاب ہے۔ اس سے اچھی طرح اور تفریح کے ساتھ جواب دیا جاتا ہے لہٰذا میں نے اس وجہ سے اس کتاب کا انتخاب کیا۔ ابتہا مقصود جو کہ دندان ساز بن رہی ہیں وہ سکاٹ لینڈ کی جانب سے کھیلنے والی پہلی پاکستانی نژاد خاتون کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے اس بارے میں مزید بتایا کہ حجاب پہن کر کرکٹ کھیلنے میں کوئی دشواری نہیں ہوئی۔
اس سے کوئی رکاوٹ نہیں آتی اور میں یہ پہن کر بلا جھجھک کھیلتی رہتی ہوں۔ برمنگھم فینکس کی اسٹار نے مزید کہا کہ یہ حیا کے بارے میں ہے اور اس سے اصلی پہچان ہوتی ہے کہ میں کون ہوں اور مجھے مسلمان ہونے پر فخر ہے۔ میں سمجھتی ہوں یہ بہت اہم ہے۔ میں سمجھتی ہوں کہ حجاب پہن کر ایجبسٹن(برمنگھم فینکس کے ہوم گراؤنڈ) جیسے بڑے اسٹیڈیم میں کھیلنے سے بہت اہم پیغام جاتا ہے کہ آپ جیسے بھی نظر آتے ہوں، جو بھی پہنتے ہوں، آپ جو چاہیں وہ کر سکتے ہیں۔ آپ بڑے اسٹیڈیم میں کھیل سکتے ہیں اور اپنا خواب جی سکتے ہیں اور جو چاہیں وہ کر سکتے ہیں