[]
بنگلورو: راج بھون میں بم کی جھوٹی اطلاع دینے والے کو چتور (آندھراپردیش) سے گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے چہارشنبہ کے دن یہ بات بتائی۔
ملزم 24 سالہ بھاسکر بی کام گریجویٹ زراعت پیشہ ہے اور ضلع کولار کے تعلقہ ملباگل کے موضع وڈاہلی سے تعلق رکھتا ہے۔
پولیس کے بموجب راج بھون میں نصب بم کے کسی بھی وقت پھٹ پڑنے کی فون کال نے 11 دسمبر کی رات سٹی پولیس کو حرکت میں لادیا تھا۔
پولیس نے سارے راج بھون کی تلاشی لی اور اس نتیجہ پر پہنچی کہ فون کال جھوٹی ہے۔
تحقیقات میں پتہ چلا کہ ملزم پیر کی رات بنگلورو آیا تھا اور راج بھون کے سامنے سے گزرتے ہوئے اس نے گوگل پر این آئی اے کنٹرول روم کا نمبر سرچ کیا اور فون کردیا۔ ابتدا میں پتہ چلا تھا کہ فون کال بیدر سے آئی۔
کال کے بعد موبائل فون سوئچ آف آرہا تھا۔ بعدازاں ٹیکنیکل سرویلانس سے پولیس نے چتور میں کالر کا پتہ چلایا جہاں سے اسے منگل کی رات گرفتار کرلیا گیا۔