مسلمانوں کے نام چیف منسٹر ممتا بنرجی کا پیام

[]

کولکتہ: چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے چہارشنبہ کے دن ریاست کے اقلیتی فرقہ سے کہا کہ وہ متحد رہے کیونکہ کسی بھی قسم کی پھوٹ بی جے پی کو مزید طاقتور بننے میں مددگار ثابت ہوگی۔

چیف منسٹر نے موبائل پیام میں جو کولکتہ میں آج دوپہر ترنمول کانگریس اقلیتی سل کی میٹنگ میں سنایا گیا‘ کہا کہ کافی منفی پروپگنڈہ جاری ہے۔ اس پر یقین نہ کریں۔

اگر آپ لوگ بٹ گئے تو بی جے پی کو اس پھوٹ کا فائدہ ہوگا۔ آج متحد رہنے کا عہد کرنے کا دن ہے۔

اس موقع پر خطاب میں چیف منسٹر نے ”کھیلا ہوبے“ (کھیل ہوگا) کے بیانیہ کا بھی حوالہ دیا۔ یہ اصطلاح پارٹی کی نوجوان قیادت نے وضع کی تھی اور 2021 کے مغربی بنگال اسمبلی الیکشن سے قبل کافی مقبول ہوئی تھی۔

ممتا بنرجی نے کہا کہ آپ لوگ متحد رہیں‘ پھر کھیل ہوگا۔ راجستھان‘ مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ کے حالیہ اسمبلی الیکشن میں بی جے پی کی جیت پر کانگریس کو پھر موردِالزام ٹھہراتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ بھگوا کیمپ کو ان ریاستوں میں اپوزیشن کے ووٹوں میں تقسیم کا فائدہ ہوا۔ یہ حقیقی معنوں میں بی جے پی کی جیت نہیں ہے۔

اپوزیشن متحد رہے تو بی جے پی کو ہرایا جاسکتا ہے۔ ریاست ِ بنگال‘ بی جے پی کو ہرانا چاہتی ہے۔ اس کی نظر کسی عہدہ یا کرسی پر نہیں ہے۔ وہ صرف عام آدمی کے لئے لڑنا چاہتی ہے۔

بی جے پی عوام میں پھوٹ ڈالنا چاہتی ہے۔ ہمیں متحد رہ کر اسے ناکام کرنا ہوگا۔ چیف منسٹر نے بی جے پی پر یہ بھی الزام عائد کیا کہ وہ مذہب کے نام پر عوام کو گمراہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام مذہبی مقامات کا احترام کرتے ہیں لیکن ان مذہبی مقامات کے نام پر سیاست کرنے کے خلاف ہیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *